اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرانے میں دوبارہ ناکام ہوگئے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے سابق بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی پٹیشن دائر کی تھی، انھوں نے نومبر 2014 میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف غیر ملکی فنڈنگ لینے کے معاملے پر بھی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔

مزید پڑھیں: نااہلی اور توہین عدالت کیس میں عمران خان کو مزید مہلت

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شاہد گوندل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کمیشن کو آگاہ کیا کہ عمران خان کے جواب پر ان کے دستخط نہیں لیے جاسکے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے گذشتہ سماعت کے دوران جواب جمع کرانے کے لیے وقت طلب کیا تھا۔

تاہم شاہد گوندل نے کمیشن کو یقین دلایا کہ اگلی سماعت پر جواب جمع کروا دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

عمران خان کے وکیل کی یقین دہانی پر الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔

دانیال عزیز کے خلاف توہین عدالت کیس

دوسری جانب حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے بھی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کیے گئے توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن میں جواب جمع کروا دیا۔

تاہم الیکشن کمیشن نے اعتراض کیا کہ دانیال عزیز کا جواب تصدیق شدہ نہیں ہے، جس پر انھوں نے کمیشن سے وقت طلب کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے دانیال عزیز کو 17 جولائی تک کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے (0) بند ہیں