کراچی: پولیس نے سینئر خاتون صحافی زیبا برنی کے مبینہ قاتل کی گرفتاری کا دعویٰ کردیا۔

زیبا برنی کو عیدالفطر سے ایک روز قبل کراچی میں ان کی رہائش گاہ میں قتل کیا گیا تھا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذوالفقار مہر کا کہنا تھا کہ پولیس کے لیے یہ کیس ایک چیلنج تھا، کیس میں شواہد کم تھے لیکن انویسٹی گیشن ٹیم نے مختصر عرصے میں کیس حل کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ مبینہ قاتل کاشف جمیل نے یہ قتل پیسے، موبائل اور زیورات لوٹنے کے لیے کیا، خاتون صحافی نے شدید مزاحمت کی جس پر قاتل نے انہیں بجلی کے تار سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔

ذوالفقار مہر نے کہا کہ کاشف جمیل پہلے اسی پلازہ میں رہائش پذیر تھا جسے کرایہ کے پیسے نہ ہونے پر پلازہ سے نکالا گیا۔

مزید پڑھیں: سال 2016: ’پاکستان میں کوئی صحافی قتل نہیں ہوا‘

زیبا برنی، جو 30 سال سے زائد عرصے تک صحافت کے شعبے سے وابستہ رہیں، نوائے وقت اخبار سے ریٹائرمنٹ کے بعد اپنے اپارٹمنٹ میں تنہا رہ رہی تھیں۔

زیبا برنی کی لاش پیر کے روز خدادا کالونی میں واقع ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔

وہ اپنے صحافتی کیریئر کے دوران کچھ عرصے کے لیے کراچی پریس کلب کی عہدیدار بھی رہیں۔

متعدد صحافتی تنظیموں کی جانب سے سینئر خاتون صحافی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کیس کو جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں