شاہ رخ خان اور انوشکا شرما کی آنے والی فلم’جب ہیری میٹ سیجل‘ کی شوٹنگ آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

فلم کی ٹیم نے مووی کے تیسرے گانے’سفر‘ کی ویڈیو جاری کردی، جسے چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں افراد نے دیکھ لیا۔

ریلیز کی گئی ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں شاہ رخ خان کو فلم ڈائریکٹر امتیاز علی، کمپوزر ارشاد کامل اور پریتم کے ساتھ دکھایا گیا ہے، جو گانے کی شاعری سے متعلق بحث کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’میرا کیریکٹر خراب ہے میڈم‘

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلآخر جب گانے کے بول پر سب متفق ہوجاتے ہیں تو شاہ رخ خان مائیک کے سامنے آکر کیمرے کے سامنے گانا شروع کردیتے ہیں۔

’ادھر کا ہی ہوں نہ ادھر کا رہا، سفر کا ہی تھا میں، سفر کا ہی رہا‘ کو ارجیت سنگھ نے گایا ہے، لیکن ویڈیو میں شاہ رخ خان کو گاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

گانے کو جاری کرنے کے چند گھنٹے کے دوران ہی اسے 2 لاکھ 33 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔

اس سے پہلے بھی جب ہیری میٹ سیجل کے جاری کیے گئے دونوں گانوں کی ویڈیوز بھی مقبول ہوئیں تھیں۔

مزید پڑھیں: ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کا پہلا انتخاب شاہ رخ نہیں رنبیر تھے

ڈائریکٹر امتیاز علی کی اس رومانٹک ڈرامہ فلم کو آئندہ ماہ ریڈ چلیز انٹرٹینمینٹ کے بینر تلے 4 اگست کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کے پوسٹرز، ٹریلرز اور گانوں کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے توقع کی جا رہی ہے کہ شاہ رخ خان کی یہ فلم ریکارڈ ساز بزنس کرنے میں کامیاب ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں