ڈھنچک پوجا کی ویڈیوز یوٹیوب سے غائب

13 جولائ 2017
فوٹو بشکریہ/ ڈھنچک پوجا فیس بک
فوٹو بشکریہ/ ڈھنچک پوجا فیس بک

بھارتی یوٹیوب اسٹار ڈھنچک پوجا کو سوشل میڈیا پر ان کی ویڈیوز کے لیے اچھی بری آراء کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب ان کے یوٹیوب چینل سے تمام ویڈیوز 'پراسرار طور' پر غائب ہوچکی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اپنے گانے ’سیلفی میں نے لے لی آج‘ سے سوشل میڈیا پر مقبول ہونے والی ڈھنچک پوجا نے چند اور ویڈیوز بھی اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کی تھیں، تاہم اب یہ تمام ویڈیوز وہاں موجود نہیں ہیں۔

دوسری جانب ڈھنچک کی ویڈیوز کے یوٹیوب سے ڈیلیٹ ہونے پر گلوکارہ کے ناقدین کافی خوش ہیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہوپایا کہ ان کی ویڈیوز یوٹیوب سے کیوں غائب ہوئیں، لیکن یہ اطلاعات بھی سامنے آرہی ہیں کہ کسی نے ان کا اکاؤنٹ ہیک کرنے کے بعد وہاں موجود تمام ویڈیوز ڈیلیٹ کردیں اور اب ان کے یوٹیوب چینل پر صرف ایک ویڈیو موجود ہے۔

کئی جگہ یہ بھی کہا گیا کہ ڈھنچک پوجا کے آخری گانے ’اسکوٹر‘ کے باعث یوٹیوب سے ان کی تمام ویڈیوز ڈیلیٹ ہوئیں، کیوں کہ اس ویڈیو میں اسکوٹر چلاتے ہوئے انہوں نےہیلمٹ نہیں پہنا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان کے طاہر شاہ بھی اپنی دلچسپ اور انوکھی ویڈیوز کے باعث مشہور ہیں اور سوشل میڈیا پر ڈھنچک پوجا کو بھارتی طاہر شاہ قرار دیا جاتا ہے۔

ڈھنچک پوجا کی ویڈیوز دیکھ کر ناقدین یہ بھی کہتے ہیں کہ وہ سُر اور لے میں گلوکاری نہیں کرتیں، تاہم پھر بھی ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ضرور ہوجاتی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں