عدنان نے رویا فارابی سے 2010 میں شادی کی—فائل فوٹو
عدنان نے رویا فارابی سے 2010 میں شادی کی—فائل فوٹو

پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار و موسیقار عدنان سمیع خان نے حال ہی میں پیدا ہونے والی اپنی بیٹی کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں، جسے ہزاروں افراد نے لائک کیا۔

عدنان سمیع خان کے ہاں 2 ماہ قبل بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی، مگر ان کی پہلی بار تصاویر شیئر کی گئیں۔

عدنان سمیع خان نے بیٹی کا نام ’مدینہ‘ رکھا تھا، انہیں یہ بیٹی جرمن نژاد اہلیہ رویا سے ہوئی، ان دونوں کی شادی 7 سال قبل 2010 میں ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عدنان سمیع نے بھارتی شہریت کیوں اختیار کی؟

بیٹی کی پیدائش کے بعد عدنان سمیع خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں بیٹی کی پیدائش کے لیے 7 سال سے زائد انتظار کرنا پڑا۔

بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کی اہلیہ رویا سمیع ممبئی سے اپنے والدین کے ہاں جرمنی منتقل ہوگئیں تھیں، جہاں سے عدنان سمیع خان نے پہلی بار اپنی بیٹی کی تصاویر ٹوئٹر پر شیئر کیں۔

مدینہ سمیع کی تصاویر پر عدنان سمیع کے مداحوں نے ان کی تعریف کرتے ہوئے اس کی تصاویر کو ری ٹوئیٹ بھی کیا۔

عدنان سمیع خان کو ہندوستان سمیت افغانستان اور پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کے مداحوں نے بھی بیٹی کی تصاویر شیئر کرنے پر ایک بار پھر مبارک باد پیش کی۔

مزید پڑھیں: عدنان سمیع ایک بار پھر تنقید کی زد میں

عدنان سمیع کی جانب سے بیٹی کی تصویر شیئر کیے جانے کے بعد کئی بھارتی نشریاتی اداروں نے بھی مدینہ سمیع کی تصویر کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ری ٹوئیٹ کیا۔

مدینہ سمیع کی تصویر عدنان سمیع خان کی آنے والی بولی وڈ ڈیبیو فلم ’افغان‘ کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی ٹوئیٹ کی گئی۔

عدنان سمیع خان نے بیٹی کی تصویر پر کمنٹس کرنے والے افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ ’مدینہ کی آنکھیں ماں کی طرح نیلی ہیں‘ جب کہ ’مدینہ موسیقی سنے بغیر سوتی نہیں‘ اور ان کی یہ عادت ان کے والد پر گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستانی شہریت ملنے پر عدنان سمیع کا جشن

خیال رہے کہ عدنان سمیع ان دنوں اپنے آنے والی فلم افغان کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں وہ ایک گلوکار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

افغان فلم کے 7 گانے بھی عدنان سمیع خان نے خود ترتیب دیے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں