اسلام آباد: پاکستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں گذشتہ 3 ہفتوں کے دوران بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے 70 افراد ہلاک ہوئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق پی این ڈی ایم اے کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں 26 جون سے جاری بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 90 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ادارے نے متاثرہ علاقوں کے لیے خوراک، ٹینٹ، اور دیگر امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔

خیال رہے کہ ملک میں مون سون بارشوں کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں سیلاب کے باعث متعدد پل، سڑکیں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بلاک ہوگئیں۔

تاہم ملک میں جاری حالیہ بارشوں کے باوجود دریاوں میں پانی کی سطح معمول کے مطابق ہے۔

علاوہ ازیں صوبہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبے کے 40 متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیئے گئے۔

صوبائی حکومت نے تمام سیکریٹریز کو فوری طور پر متعلقہ اضلاع کے دورے کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری متعلقہ اضلاع میں سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر کریں اور پنجاب حکومت کو رپورٹ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں