کولکتہ: نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد سے بھارت میں انتہا پسندی دن بدن بڑھتی جا رہی ہے اور اس کا تازہ شکار بھارتی کرکٹر ٹیم کے محمد شامی بنے ہیں جنہیں تین نوجوان نے زدوکوب کیا۔

واقعہ جنوبی کولکتہ میں پارکنگ کے تنازع پر پیش آیا جہاں چند نوجوانوں نے سڑک پر گاڑی پارک کرنے پر شامی سے الجھنے کی کوشش کی۔

محمد شامی نے اپنے فلیٹ کے باہر گاڑی پارک کی جہاں وہ اپنے فلیٹ کے نگراں کا انتظار کر رہے تھے کہ اسی دوران موٹر سوار تین نوجوان آ کر رکے اور ان سے سڑک پر گاڑی پارک کرنے پر الجھنے کی کوشش کی۔

تاہم فاسٹ باؤلر الجھنے کے بجائے معاملہ رفع دفع کر کے گھر روانہ ہو گئے لیکن یہی نوجوان 15منٹ بعد واپس آئے اور ان کے گھر میں گھس کر بدتمیزی کی کوشش کی اور اسی دوران فلیٹ کے نگراں کی تینوں نوجوانوں سے ہاتھم پائی بھی ہوئی۔

واقعے کی رپورٹ اتوار کی رات علی پور تھانے میں درج کرائی گئی اور پولیس نے قریب ہی سیلون چلانے والے تینوں افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

محمد شامی دورہ سری لنکا کیلئے 16رکنی بھارتی اسکواڈ کا حصہ ہیں جہاں تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 26 جولائی سے گال میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں