آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان اور امریکا میں بیٹھے چند عناصر کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی پر تشویش کا اظہار کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید سے امریکا کے افغانستان میں ریزولیوٹ سپورٹ مشن کے کمانڈر جنرل نکلسن نے ملاقات کی۔

ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور بارڈر مینجمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال سمیت پاکستان اور امریکا نے خطے میں امن وسلامتی کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں آرمی چیف نے افغانستان اور امریکا میں بیٹھے چند عناصر کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اس قسم کی الزام تراشیاں پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔‘

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’یہ ہرگز اتفاق نہیں کہ ایسی الزام تراشیاں اس وقت کی جارہی ہیں جب امریکا، پاکستان کے حوالے سے اپنی پالیسی کا جائزہ لے رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اشتعال کے باوجود پاکستان مثبت انداز میں دہشت گردی کے خلاف اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔‘

اس موقع پر جنرل نکلسن نے پاک فوج کے پیشہ وارانہ معاملات کو سراہا اور استحکام کے لیے پاکستان کے عوام کی کوششوں کی تعریف کی۔

ملاقات میں پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل بھی موجود تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں