سعودی عرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز ترین ٹرین سروس کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے۔

سعودی میڈیا کے مطابق منگل کو سعودی ریلوے آرگنائزیشن (ایس آر او) نے حرمین ہائی اسپیڈ ٹرین کا پہلا مکمل ٹرائل کیا گیا۔

330 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ٹرین سے ان دونوں شہروں کے درمیان سفر ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوسکے گا۔

اس وقت دونوں شہروں کے درمیان سفر میں ساڑھے تین گھنٹے لگتے ہیں مگر 12 ہزار ہارس پاور کی اس الیکٹرک ٹرین سے معتمرین اور عازمین حج زیادہ جلد سفر کرسکیں گے۔

اس وقت حکام اس تیز رفتار ٹرین سسٹم کے تمام پہلوﺅں کی آزمائش کررہے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ ٹرین تین سو سے 330 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑ سکتی ہے، جو کہ مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر مختصر کرنے کے ساتھ ساتھ جدہ کے نئے ائیرپورٹ اور شاہ عبداللہ اکنامک سٹی تک بھی جائے گی۔

اس ٹرین سسٹم کو اسپین سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی Talgo نے تیار کیا ہے اور اس کے مطابق ہم باضابطہ افتتاح کے لیے مکمل تیار ہیں، ہر چیز مکمل طور پر تیار ہے اور سعودی انتظامیہ کی منظوری کے بعد آپریشن شروع ہوجائے گا۔

ویسے اس ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز 2018 کی پہلی سہ ماہی کے درمیان متوقع ہے اور اس سے سالانہ چھ کروڑ مسافروں کو سہولت مل سکے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں