شام کا مرسی سے صدارت چھوڑنے کا مطالبہ

دمشق: شام کے وزیر اطلاعات اومران ال زوبی نے کہا ہے کہ مصر کے حالیہ بحران کا واحد حل یہی ہے کہ صدر محمد مرسی اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں۔
بدھ کو سرکاری تی وی سے براہ راست نشر کی گئی پریس کانفرنس سے خطاب میں زوبی نے کہا کہ مصر کی حفاظت اور اتحاد قومی ذمے داری ہے اور چار روز سے جاری اس بحران کا حل اسی وقت ممکن ہے جب مرسی عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کے وفادار لوگوں کو عوام کا ساتھ دیتے ہوئے مرسی کے اقتدار کو تقویت فراہم کرنے والے اخوان المسلمین کے دہشت گرد کی مخالفت کرنی چاہیے۔
شامی حکومت اور اخوان المسلمین کے درمیان طویل عرصے سے دشمنی جاری ہے جہاں 1980 کی دہائی کے بعد سے شام میں مصری تنظیم کے رکن کے لیے سزائے موت تجویز کی گئی ہے۔
زوبی نے پیر کو جاری ایک بیان میں مرسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا اخوان کی حکومت مصر میں ناکام ہو گئی ہے۔
دوسری جانب مصری صدر بھی متعدد دفعہ شام کے صدر بشارالاسد سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔