چوہوں سے نجات دلانے والے آسان طریقے

05 اگست 2017
— فوٹو بشکریہ وکی ہاؤ
— فوٹو بشکریہ وکی ہاؤ

گھر میں چوہے گھس جائیں تو وہ یقیناً کسی کو بھی پسند نہیں آتے جو کہ مختلف طرح کے جراثیم بھی پھیلانے کا باعث بن سکتے ہیں۔

اور جب یہ کسی گھر پر حملہ آور ہوجائیں اور کھانے پینے کی اشیاء تباہ کرنے لگیں تو ان سے نجات کے طریقے سوچنا پڑتے ہیں۔

یہاں آپ ایسی ٹپس جان سکیں گے، جن پر عملدرآمد کرکے آپ چوہوں سے نجات پاسکتے ہیں۔

گھر کو صاف رکھیں

اکثر چوہے ایسے گھروں کی جانب کھانے کی تلاش میں جاتے ہیں، اگر انہیں وہاں کچھ کھانے کو نہ ملے تو وہ وہاں رہنا بھی پسند نہیں کرتے۔ اپنی کھانے کی اشیاءکو مناسب طریقے سے ائیرٹائٹ کنٹینرز میں محفوظ کریں یا ایسی جگہوں پر رکھیں جہاں چوہے حملہ نہ کرسکیں۔

پودینے کے تیل کا استعمال

ہوسکتا ہے آپ کو یقین نہ آئے مگر پودینے کے تیل کی بو چوہوں کو بالکل بھی پسند نہیں اور وہ اس کے قریب جانا پسند نہیں کرتے، یہ تیل ان غذاﺅں کی مہک کو بھی چھپا لیتا ہے جو چوہوں کو اپنی جانب کھینچ سکتی ہے، ویسے بھی یہ کیمیکلز کے مقابلے میں نقصان دہ نہیں ہوتا۔ اس کے ایک یا دو قطرے روئی پر ٹپکائیں اور اسے اُن جگہوں پر رکھ دیں جہاں چوہوں کا زیادہ آنا جانا ہو یا جہاں سے وہ گھر میں داخل ہوسکتے ہوں، روئی کے ان ٹکڑوں کو ہر پانچ سے سات دن بعد بدل دینا چاہیے۔

الٹراسونک ساﺅنڈ خارج کرنے والی ڈیوائسز

مارکیٹ میں ایسی الیکٹرونک ڈیوائسز دستیاب ہیں جو الٹراسونک ساﺅنڈ خارج کرتی ہیں جو کہ چوہوں کو بالکل پسند نہیں، تاہم ان ڈیوائسز کو ایسی جگہ لگانا ضروری ہے جہاں چوہے زیادہ آتے ہوں اور یہ طریقہ کار مختصر مدت کے لیے ہی کارآمد ہوتا ہے۔

بلی پالنا

یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ بلی چوہے کی کتنی بڑی دشمن ہے۔

کچرے کا ڈبہ گھر سے کچھ دور رکھیں

چوہے کچرے کی بو سونگھ کر گھر کی جانب آتے ہیں، اگر آپ کچرا دان گھر سے دور رکھیں تو زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ وہ گھر میں بھی داخل نہیں ہوں گے۔

راستہ روکیں

وہ مقام تلاش کریں جہاں سے چوہے گھر میں داخل ہوتے ہیں اور یہ تلاش زیادہ مشکل نہیں کیونکہ وہاں چوہوں کا فضلہ موجود ہوگا جبکہ عجیب سے بو بھی پھیلی ہوئی ہوگی، اس کے بعد اسے بند کردیں یا دیواروں میں موجود سوراخوں کو بھردیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں