بولی وڈ کی ایکشن تھرلر فلم ’ریس‘ کی پہلی 2 فلمیں سپر ہٹ ثابت ہوئیں، جس وجہ سے پروڈیوسر رمیش ترانی سیریز کی تیسری فلم لانے کی کوششوں میں ہیں۔

سیریز کی پہلی فلم 2008 میں آئی تھی، جس میں بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان مرکزی کردار میں نظر آئے تھے، جب کہ ان کے ساتھ اکشے کھنہ اور انیل کپور جیسے اداکار بھی اس فلم کا حصہ تھے۔

سیریز کی پہلی فلم کے کامیاب ہونے کے بعد 2013 میں ’ریس 2‘ ریلیز کی گئی تھی، جس میں ایک بار پھر سیف علی خان مرکزی کردار میں نظر آئے تھے، جب کہ اس بار اکشے کھنہ کی جگہ جان ابراہم نے لی تھی۔

پہلی دونوں فلموں کی کامیابی کے بعد پروڈیوسر رمیش ترانی مسلسل سیریز کی تیسری مووی لانے کے لیے سلمان خان کو راضی کرنے میں مصروف تھے، تاہم سلو بھائی اپنی پرانی عادت کے مطابق کسی طرح بھی ’ریس تھری‘ کا حصہ ہونے کے لیے راضی نہیں ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: سلمان 'ریس 3' میں سیف کے کامیاب کردار پر قابض؟

تاہم اب اپنی فلم ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی کے بعد سلمان خان کی سوچ میں تبدیلی آئی، اور وہ ’ریس تھری‘ میں مشروط طور پر کام کرنےکے لیے راضی ہوگئے،لیکن اس حوالے سے تصدیق نہیں ہوسکی۔

ریس کو 2008 میں ریلیز کیا گیا تھا—پرومو فوٹو
ریس کو 2008 میں ریلیز کیا گیا تھا—پرومو فوٹو

انڈین ایکسپریس نے ذرائع سے بتایا کہ مختلف بولی وڈ رپورٹس کے مطابق سلو بھائی ٹیوب لائٹ کی ناکامی کے بعد ’ریس تھری‘ میں کام کرنے کے لیے راضی ہوگئے ہیں، تاہم انہوں نے فلم کے ہدایت کار کو تبدیل کرنے کی شرط رکھ دی۔

خیال رہے کہ ریس سیریز کی پہلی دونوں فلموں کی ہدایت کاری عباس برما والا اور مستان برماوالا نے دی تھیں، تاہم سلو بھائی نے ان کی جگہ ریمو ڈی سوزا کو ہدایت کار کے طور پر ٹیم میں شامل کرنے کی شرط رکھ دی۔

مزید پڑھیں: 'دھوم 4' اور 'ریس 3' کے ولن سلمان خان؟

بولی وڈ سلطان کی جانب سے ریس تھری میں مشروط کام کرنے کی رضامندی ظاہر کیے جانے کے خبریں سامنے آنے کے بعد انڈین ایکسپریس نے پروڈیوسر رمیش ترانی سے رابطہ کیا، جس نے اس حوالے سے کوئی بھی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔

ریس 2 کو 2013 میں ریلیز کیا گیا—پرومو فوٹو
ریس 2 کو 2013 میں ریلیز کیا گیا—پرومو فوٹو

ذرائع کے مطابق رمیش ترانی گزشتہ 4 سال سے سلو بھائی کو فلم میں کاسٹ کرنے کے لیے کوشاں تھے، تاہم انہیں یہ امید نہیں تھی کہ دبنگ ہیرو ہدایت کار کو تبدیل کرنے جیسی بڑی شرط رکھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’ٹیوب لائٹ‘ کی ناکامی پر سلمان کو 55 کروڑ کا نقصان

دوسری جانب یہ بھی واضح نہیں ہوسکا کہ اگر ریس تھری میں سلمان خان کام کریں گے تو سیف علی خان بھی فلم کا حصہ ہوں گے یا نہیں، اور سلو بھائی کے مقابلے کون سی اداکارہ کاسٹ کی جائے گی، یہ بھی ابھی واضح نہیں۔

خیال رہے کہ ریس سیریز کی پہلی فلم میں کترینہ کیف، بپاشا باسو اور سمیرا ریڈی، جب کہ ریس 2 میں دپیکا پڈوکون، جیکولین فرنانڈس اور امیشا پٹیل جیسی اداکاراؤں کو شامل کیا تھا، ممکنہ طور پر ریس تھری میں بھی 3 بڑی اداکاراؤں کو کاسٹ کیا جائے گا۔

سلمان خان کی ٹیوب لائٹ اچھا بزنس نہیں کرسکی—پرومو فوٹو
سلمان خان کی ٹیوب لائٹ اچھا بزنس نہیں کرسکی—پرومو فوٹو

تبصرے (0) بند ہیں