پاک فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث میانوالی سبزہ زارکےقریب گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجےمیں پائلٹ محمد ذیشان شہید ہوگئے۔

پاک فضائیہ کے مطابق تربیتی ایف سیون طیارہ گذشتہ رات فنی خرابی کے باعث میانوالی میں گرکرتباہ ہوگیاتھا۔

اعلامیے کے مطابق ونگ کمانڈرپائلٹ محمد ذیشان کاجسد خاکی حادثے کی جگہ سے ملا جہاں سے ان کے جسد خاکی کو پی اے ایف بیس ایم ایم عالم پہنچا دیا گیا اور وہی پر ان کی نماز جنازہ پڑھی گئی۔

پاک فضائیہ کی جانب سے حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئیں.

ایف سیون پی جیز کو پاک فضائیہ میں پہلی مرتبہ 2002 میں ایف 6 کی جگہ متعارف کرایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ رواں سال مئی میں پاک فضائیہ کا F-7PG طیارہ میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا تاہم حادثے میں طیارے کے پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

مزید پڑھیں:میانوالی: پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ

ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ F-7PG طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوا۔

رواں سال مئی میں ہی پاک فضائیہ کا ایک اور تربیتی طیارہ پنجاب کے ضلع جھنگ میں معمول کی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

پی اے ایف کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ضلع جھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری کے قریب معمول کی تربیتی پرواز کے دوران میراج طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تاہم حادثے کے نتیجے میں طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا جسے ریسکیو کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ نومبر 2015 میں میانوالی میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ ایف ٹی- 7 گر کر تباہ ہونے سے خاتون فلائنگ آفیسر مریم مختیار شہید ہوگئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں