وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کراچی کا پہلا سرکاری دورہ

اپ ڈیٹ 12 اگست 2017
کراچی آمد پر گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا — ڈان نیوز
کراچی آمد پر گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا — ڈان نیوز

کراچی: وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ایک روزہ سرکاری دورے پر کراچی پہنچے۔

کراچی آمد پر گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا، وزیر داخلہ احسن اقبال بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

نو منتخب وزیراعظم نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

وزیراعظم مزار قائد پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں — فوٹو ڈان نیوز
وزیراعظم مزار قائد پر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں — فوٹو ڈان نیوز

مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیراعظم نے گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی، جہاں کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور شہر میں ہونے والے ترقیاتی کام بھی زیر بحث آئے۔

وزیر اعظم نے گورنر سندھ کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کو جاری رکھے گی۔

بعد ازاں شاہد خاقان عباسی نے گورنر ہاؤس میں ڈاکٹر فاروق ستار کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد سے بھی ملاقات کی، جہاں انہوں نے اسمبلی میں ووٹ دینے پر ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا۔

اس ملاقات کے دوران متحدہ قومی مومنٹ کے وفد نے وزیراعظم سے پارٹی کے بند دفاتر کھولنے اور گرفتار کارکنان کی جلد رہائی کا مطالبہ کیا۔

وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں شہر قائد میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی سربراہی کریں گے جہاں انہیں سیکیورٹی اداروں کی جانب سے کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پر بریفنگ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیئے جانے کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔

یکم اگست کو اسپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاقان عباسی 221 ووٹ حاصل کرکے وزیراعظم منتخب ہوئے۔

نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل ایم کیو ایم نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شاہد خاقان عباسی کی مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا۔

شاہد خاقان عباسی اور مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

اس موقع پر فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم جرائم کا خاتمہ چاہتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے لاپتہ افراد کی بازیابی اور ایم کیو ایم کے سیل کیے گئے دفاتر کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔

دوسری جانب شاہد خاقان عباسی نے حلف اٹھانے کے بعد دورہ کراچی اور ترقیاتی پیکج پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں