آسٹریلیا کے سابق کرکٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز کا کہنا ہے کہ وہ دورہ سری لنکا اور ورلڈ الیون کے دوران کمنٹری کرنے کے لیے پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

ڈان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر نے سری لنکن ٹیم کے لاہور میں ٹی ٹوئنٹی کھیلنے اور ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کو خوش آئند قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان اور سری لنکا کے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ پاکستان میں کھیلنے پر بے حد خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

ڈین جونز کا کہنا تھا کہ وہ ممکنہ طور پر مذکورہ ٹیموں کے ساتھ پاکستان کا دورہ کریں گے اور میچ کے دوران کمنٹری بھی کریں گے، جو ان کے لیے نہایت پُرمسرت موقع ہوگا۔

مزید پڑھیں: ’غیر ملکی ٹیموں کا دورہ پاکستان سے انکار منافقت ہے‘

سابق آسٹریلوی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ کی حیثیت سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ ان کی کوچنگ کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن جیت چکی ہے۔

ڈین جونز کا کہنا ہے کہ ورلڈ الیون اور سری لنکا کے کامیاب دورے کے بعد پاکستان میں بین الاقومی کرکٹ کے بند دروازے کھل جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں ٹیموں کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس حوالے سے وہ پُر امید ہیں کہ اس سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ حال ہی میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کے بعد ان دوروں سے پاکستان میں کرکٹ کو مزید فروغ ملے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں