صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان سے اغواء ہونے والے 7 پولیس اہلکاروں کو پیر (21 اگست) کی صبح کامیاب پولیس آپریشن کے نتیجے میں بازیاب کروا لیا گیا۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) بنگلہ اِچھا رمیز بخاری نے بتایا کہ اتوار (20 اگست) کو رات گئے مغوی اہلکاروں کی رہائی کے لیے تحصیل روجھان میں دریا کے علاقے میں پولیس آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

ڈی ایس پی کے مطابق ڈاکوؤں نے مغوی اہلکاروں کو دریائے سندھ میں کچھی مورو جزیرے پر خفیہ ٹھکانوں پر رکھا ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران پولیس اہلکاروں نے دریا کے اُس علاقے کا محاصرہ کیا، تاہم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکو دریا کے ذریعے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

مزید پڑھیں: راجن پور: ڈاکوؤں نے 7 پولیس اہلکار اغوا کرلیے

ڈی ایس پی کے مطابق مغوی اہلکار بحفاظت وہاں موجود تھے، جنہیں جزیرے پر درختوں سے باندھ کر رکھا گیا تھا۔

مذکورہ پولیس اہلکاروں کو اتوار (20 اگست) کی دوپہر مبینہ طور پر عطاء اللہ پٹ گینگ سے تعلق رکھنے والے ڈاکوؤں نے اغواء کیا تھا، جس کے بعد علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن کا آغاز کیا اور اہلکاروں کو بازیاب کروا لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: چھوٹو گینگ کے بعد راجن پور میں 5 گروہ سرگرم

خیال رہے کہ گذشتہ برس 2016 میں سیکیورٹی اداروں نے کچے کے علاقے میں چھوٹو گینگ کے خلاف کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کیا تھا جبکہ بیشتر ڈاکوؤں نے ہتھیار ڈال دیے تھے۔

جس کے بعد چھوٹو گینگ سے الگ ہوکر تشکیل پانے والے عطاء اللہ پٹ گینگ نے دوبارہ علاقے میں قدم جما کر ڈکیتیاں اور اغواء کی وارداتیں کرنی شروع کردیں۔

تبصرے (0) بند ہیں