اسلام آباد: سینیٹ کے پاک ۔ بھارت دوستی گروپ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے پارلیمانی سطح پر مذاکرات شروع کرنے کی سفارش کردی۔

پاک ۔ بھارت دوستی گروپ کا اجلاس سینیٹر کریم خواجہ کی صدارت میں ہوا جس میں وزارت خارجہ کے حکام نے گروپ کو دونوں ممالک کے تعلقات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

گروپ نے تمام ارکان سے پاک ۔ بھارت تعلقات میں بہتری کے لیے تجاویز مانگ لیں۔

گروپ کا کہنا تھا کہ دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات بات چیت کے ذریعے ہی بہتری کی طرف بڑہ سکتے ہیں۔

دوستی گروپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دونوں ممالک کے عوام اور پارلیمان کے درمیاں روابط کا سلسلہ شروع ہونا چاہیے۔

پاک ۔ بھارت دوستی گروپ کا کہنا تھا کہ عسکری نمائندوں اور وزارت خارجہ کی سطح پر بات چیت کے علاوہ دونوں ملکوں کے پارلیمانی اراکین کا بھی تعلقات کی بہتری کے لیے مکالمہ ہونا چاہیے۔

اجلاس میں فرحت اللہ بابر، رحمٰن ملک، نزہت صادق، ستارہ ایاز اور دیگر ارکان شریک تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں