کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دفتر کے باہر ڈیوٹی پر تعینات 2 نجی سیکیورٹی گارڈز جاں بحق ہوگئے۔

سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) گلشن عبداللہ میمن کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ایف بی آر آفس کے باہر تعینات گارڈز پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے گارڈز کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) شاہراہ فیصل شوکت علی کے مطابق گارڈز نے پولیس جیسا یونیفارم پہن رکھا تھا۔

مقتولین کی شناخت تنظیم الہدیٰ اور فقیرہ کے نام سے کی گئی۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

ٹارگٹ کلنگ کی نئی لہر

حالیہ دنوں میں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، جہاں سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

17 اگست کو کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر ناردرن بائی پاس کے قریب فائرنگ سے ایک پولیس رضا کار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

اس سے قبل 11 اگست کو کراچی کے علاقے عزیز آباد میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) ٹریفک حنیف اور ان کے ڈرائیور کانسٹیبل سلطان شہید ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں فائرنگ: ڈی ایس پی ٹریفک اور کانسٹیبل شہید

گذشتہ ماہ 25 جولائی کو بھی کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک ٹریفک پولیس اہلکار محمد خان جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

اس واقعے سے قبل 21 جولائی کو کراچی کے علاقے کورنگی میں دارالعلوم کے قریب پولیس وین پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار اور 12 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں