ایک جاپانی شہزادی نے اپنی محبت پانے کے لیے شاہی اعزاز و حیثیت کو چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔

جاپانی شہنشاہ اکیتو کی 25 سالہ پوتی شہزادی ماکو نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ ٹوکیو کی ایک یونیورسٹی میں زیرتعلیم اپنے کلاس میٹ کائی کومیورو سے شادی کررہی ہیں۔

مگر اس شادی کے لیے موکو کو اپنی شاہی حیثیت سے محروم ہونا پڑے گا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران جاپانی شہزادی نے کہا ' سب سے پہلے تو میں کائی کی روشن مسکراہٹ سے متاثر ہوئی جو کہ سورج جتنی روشن تھی'۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ دونوں کی پہلی ملاقات ٹوکیو میں طالبعلموں کے ایک ایونٹ کے دوران ہوئی تھی اور وقت گزرنے کے ساتھ دونوں کا تعلق مضبوط ہوتا چلا گیا۔

یہ دونوں گزشتہ ایک سال سے ایک دوسرے سے دور ہیں کیونکہ شہزادی موکو برطانیہ جبکہ کائی امریکا میں زیرتعلیم ہیں۔

کائی کومیورو نے جاپانی شہزادی کو دسمبر 2013 میں شادی کی پیشکش کی تھی جس کے بعد موکو نے اس نوجوان کو اپنے والدین سے ملوایا۔

اس پریس کانفرنس کے دوران کائی کومیورو نے کہا کہ وہ شہزادی کے والدین کا شکرگزار ہے جنھوں نے اسے قبول کیا اور ہم دونوں کا گھر جنت جیسا ہوگا۔

شہزادی نے کہا ' خاندان کی تشکیل ابھی تو میرے تصورات سے دور ہے مگر مجھے توقع ہے کہ ہمارا گھر گرمجوشی، سکون اور مسکراہٹوں سے بھرا ہوگا'۔

جوڑے نے شادی کی تفصیلات تو ابھی طے نہیں کیں تاہم توقع کی جارہی کہ اس حوالے سے تقریب آئندہ برس کسی وقت ہوگی، جبکہ اس سے پہلے منگنی کی رسم کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں