’سڑک 2‘ پر کام شروع

09 ستمبر 2017
بولی وڈ اداکارہ اور ہدایت کارہ پوجا بھٹ  —۔ فائل فوٹو
بولی وڈ اداکارہ اور ہدایت کارہ پوجا بھٹ —۔ فائل فوٹو

کچھ عرصے سے یہ خبریں سامنے آرہی تھیں کہ بولی وڈ اداکارہ اور ہدایت کارہ پوجا بھٹ اپنے والد مہیش بھٹ کے ساتھ مل کر کامیاب فلم ’سڑک‘ کے دوسرے حصے پر کام کرنے جارہی ہیں۔

اداکارہ نے ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے فلم ’سڑک 2‘ بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا۔

اور اب ان کی ایک انسٹاگرام پوسٹ سے اس بات کی تصدیق ہوگئی۔

پوجا بھٹ نے اپنے والد کی ایک تصویر شیئر کرنے کے ساتھ اعلان کیا کہ فلم ’سڑک 2‘ کے اسکرپٹ پر کام کا آغاز ہوچکا ہے۔

اپنی پوسٹ میں انہوں نے کئی ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا جن میں سے ایک ہیش ٹیگ میں سنجے دت کا نام بھی شامل تھا، جس سے یہ واضح ہورہا ہے کہ وہ بھی اس فلم کا حصہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ ماضی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سنجے دت نے بھی کہا تھا کہ ’اگر سڑک 2 کبھی بنائی گئی تو میں اس میں کام ضرور کرنا چاہوں گا‘۔

پوجا بھٹ نے اپنے انٹرویو میں یہ بھی واضح کیا تھا کہ فلم 'سڑک 2' پہلے حصے کا ریمیک نہیں ہوگی اور نہ ہی ان کی بہن عالیہ ان کا کردار ادا کریں گی، البتہ فلم کا آغاز وہیں سے ہوگا جہاں پہلی فلم کا اختتام ہوا تھا۔

واضح رہے کہ فلم ’سڑک‘ 1991 کی کامیاب فلم تھی، جو ایک رومانوی اور تھرلر کہانی پر مبنی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں