بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی ہوم پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کا دوسرا گانا ’میری پیاری امی‘ ریلیز کردیا گیا۔

موسیقار شکتی کمار کے گانے کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے، جب کہ اس گانے کو عامر خان کی پرانی فلم ’تارے زمیں پر‘ کے گانے’ میری ماں ‘ کے متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

’میری پیاری امی‘ کی موسیقی کو بھی ’میری ماں‘ کی طرح سلو رکھا گیا ہے، مگر ساتھ ہی گانے کی موسیقی میں امیدوں کے سروں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

گانے کو فلم کی مرکزی اداکارہ زارا وسیم اپنے گٹار کے ساتھ گاتی دکھائی دے رہی ہیں، جو اس سے قبل فلم کے پہلے گانے میں بھی گٹار کے ساتھ اپنے کمرے میں برقع کے ساتھ گانا گاتے دکھائی دی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیکرٹ سپر اسٹار! ’برقع میں ملبوس گٹار بجاتی لڑکی‘

نئے گانے میں نہ صرف زارا وسیم بلکہ ان کی ماں اور ان کے بھائی کو بھی دکھایا گیا ہے، گانے کی شاعری مکمل طور پر ’امی‘ کی تعریف میں لکھی گئی ہے۔

گانے کے آغاز میں برقع میں ملبوس لڑکی اپنے ویڈیوز دیکھنے والے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بتاتی ہیں کہ یہ ان کا دوسرا گانا ہے۔

خیال رہے کہ فلم ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کی کہانی ایک مسلمان خاندان کے ارد گرد گھومتی ہے۔

مسلم خاندان کی ایک کم عمر لڑکی کو گلوکارہ بننے کا شوق ہوتا ہے، مگر وہ اپنے قدرے سخت مزاج والد کی وجہ سے اپنی خواہش مکمل نہیں کر پاتیں۔

تاہم اپنی بیٹی کی خواہش کو تکمیل تک پہنچانے کے لیے ان کی والدہ ان کا ساتھ دیتی ہیں۔

مزید پڑھیں: سیکریٹ سپر اسٹار کا پہلا گانا ریلیز
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

فلم کا مرکزی کردار ’دنگل‘ کی پہلوان لڑکی زارا وسیم نے ادا کیا ہے، جو فلم میں ہمیشہ برقع میں ملبوس نظر آتی ہیں، وہ اپنے شوق کو پورا کرنے کے لیے ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر اپنا چینل کھولتی ہیں، جس پر وہ اپنے گانے اپ لوڈ کرتی ہیں۔

’سیکریٹ سپر اسٹار‘ کو رواں برس دیوالی کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کی ہدایات ایڈویت چوہان نے دی ہیں، اس فلم کو زی پکچر کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

سیکریٹ سپر اسٹار عامر خان کی ہوم پروڈکشن میں بننے والی آٹھویں فلم ہوگی، اس سے قبل وہ ’لگان‘، ’تارے زمین پر‘، ’پیپلی لائیو‘، ’دنگل‘ اور ’تلاش‘ جیسی فلموں کو بھی ریلیز کرچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں