ایم کیو ایم رکن اسمبلی ندیم رضی پاک سرزمین پارٹی میں شامل

18 ستمبر 2017
پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال ، ندیم رضی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے—۔ڈان نیوز
پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال ، ندیم رضی اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے—۔ڈان نیوز

کراچی: متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکنِ سندھ اسمبلی سید ندیم رضی نے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے رکن سندھ اسمبلی ندیم رضی کو پی ایس پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی کے قول وفعل میں کوئی تضاد نہیں اور پی ایس پی میں لوگوں کی شمولیت سے اعتماد بڑھ رہا ہے جبکہ دوسرے لوگوں کو بھی پی ایس پی میں شمولیت کی دعوت دی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اب تک ہمارے پاس لوگوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔‘

مزید پڑھیں: فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال ایک ساتھ

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ان کی جماعت کے خلاف پروپیگنڈے کیے گئے لیکن پاک سرزمین پارٹی کی سچائی کی وجہ سے لوگ اس میں شامل ہوتے جارہے ہیں۔

پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے واضح کیا کہ ’ہمارے نظریے میں کسی قسم کا ابہام نہیں، سچ اور جھوٹ میں فرق واضح ہوگیا اور ہم نے جو بات پہلے دن کی تھی آج بھی اس پر قائم ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: متحدہ کے مزید 2 رہنما 'پاک سرزمین پارٹی' میں شامل

پی ایس پی میں شامل ہونے والے سید ندیم رضی نے 2013 کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم پاکستان کے ٹکٹ پر سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 121 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

وہ قائمہ کمیٹی برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس، قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ، دیہی ترقی، پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ، ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ کے رکن ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں