این اے 120 میں فتح پر لیگی کارکنوں کا جشن، مریم نواز لندن روانہ

اپ ڈیٹ 18 ستمبر 2017
ضمنی انتخاب کے حتمی اور سرکاری نتائج کل (19 ستمبر)  کو جاری کیے جائیں گے۔—فوٹو: اے ایف پی
ضمنی انتخاب کے حتمی اور سرکاری نتائج کل (19 ستمبر) کو جاری کیے جائیں گے۔—فوٹو: اے ایف پی

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 لاہور کے ضمنی انتخاب میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والی سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی کامیابی کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے۔

نواز شریف کی برطرفی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی نشست پر کلثوم نواز کی کامیابی کے بعد لاہور بھر میں پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے کارکنان اور حامیوں نے جشن منایا اور خوشی کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ کلثوم نواز کی علالت کی وجہ سے ان کی انتخابی مہم ان کی بیٹی مریم نواز نے چلائی تھی جبکہ وہ خود گلے کے کینسر کے علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں۔

مریم نواز کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے—فوٹو: آن لائن
مریم نواز کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے—فوٹو: آن لائن

یوں تو یہ نشست طویل عرصے سے شریف خاندان اور ان کے اتحادیوں کے ہاتھ میں رہی ہے تاہم نواز شریف کی برطرفی کے بعد اس نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا امتحان قرار دیا جارہا تھا۔

اس حلقے سے کلثوم نواز کا اصل مقابلہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ڈاکٹر یاسمین راشد سے تھا، جو غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق دوسرے نمبر پر رہیں۔

گذشتہ روز (17 ستمبر کو) ضمنی الیکشن کے بعد پرجوش کارکنوں سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’آج عوام نے پاناما فیصلے پر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے‘۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کے حتمی اور سرکاری نتائج کل (19 ستمبر) جاری کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن ضمنی الیکشن کے انعقاد پر مطمئن

اس ضمنی انتخاب کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا امتحان قرار دیا جارہا تھا—فوٹو: اے ایف پی
اس ضمنی انتخاب کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کا امتحان قرار دیا جارہا تھا—فوٹو: اے ایف پی

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 120 میں ضمنی الیکشن کے پرامن انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ انتخابی عمل مختلف تنظیمی اداروں کی معاونت کے بغیر کبھی ممکن نہ ہوتا۔

ای سی پی کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور رینجرز کا کردار قابل تحسین ہے جبکہ پنجاب پولیس اور حکومتی اہلکاروں نے بھی جانفشانی سے فرائض سرانجام دیے۔

مزید پڑھیں: این اے-120: کلثوم نواز کی یاسمین راشد کو شکست، غیرحتمی نتیجہ

لیگی کارکنان کلثوم نواز کی کامیابی پر مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے—فوٹو: اے پی پی
لیگی کارکنان کلثوم نواز کی کامیابی پر مٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے—فوٹو: اے پی پی

ای سی پی کے مطابق پریزائڈنگ افسران اور انتخابی عملے نے احسن طریقے سے کردار نبھایا اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرننگ افسر اور متعلقہ سٹاف نے انتہائی ایمانداری اور پیشہ وارانہ طریقے سے خدمات سرانجام دیں۔

بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیمیں پورے انتخاب میں چوکنا رہیں جبکہ میڈیا کا کردار بھی ذمہ دارانہ تھا۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے این اے 120 کے ووٹرز اور رہائشیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

مریم نواز لندن روانہ

ادھر ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم اور این اے 120 کے ضمنی انتخاب کی کامیاب امیدوار کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز اپنے خاوند کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ لاہور سے لندن روانہ ہوگئیں۔

مزید پڑھیں: این اے 120 انتخابی مہم: مریم نواز نے دورہ لندن منسوخ کردیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز لندن میں اپنی بیمار والدہ کی عیادت اور انہیں کامیابی کی خوشی خبری سنانے کے لیے نجی ایئرلائن کے ذریعے لندن روانہ ہوئیں۔

تبصرے (0) بند ہیں