سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں تیسری سرجری کے لیے ہسپتال منتقل ہوگئیں۔

نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں ایک ویڈیو جاری کیا جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سابق وزیراعظم اپنی اہلیہ کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی ان کے ساتھ ہے۔

خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز نے 17 ستمبر کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 لاہور میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست کے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کو شکست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:کلثوم نواز کی لندن میں کامیاب سرجری، ذرائع

مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ 'امی کی تیسری سرجری کے لیے ہسپتال پہنچے ہیں، دعاؤں کی درخواست ہے'۔

کلثوم نواز کو گزشتہ ماہ لیمفوما تشخیص ہوا تھا جو ابتدائی مرحلے میں تھا جس کے علاج کے لیے لندن کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور سرجری کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:والدہ کو ’لیمفوما‘ کی تشخیص ہوئی ہے، مریم نواز

شریف خاندان کے قریب اور پارٹی کے سینئر رہنما نے ڈان کو بتایا تھا کہ علاج کی غرض سے لندن میں موجود کلثوم نواز کی طبی رپورٹس میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہونے کی تصدیق کی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز کے گلے کا کینسر قابل علاج ہے اور وہ جلد صحتیاب ہوجائیں گی۔

کلثوم نواز کی پہلی سرجری کے موقع پر نواز شریف اور ان کے صاحبزادے بھی ہسپتال میں موجود تھے تاہم مریم نواز اپنی والدہ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں لاہور میں موجود تھی۔

کلثوم نواز نے 17 ستمبر کو ہونے والے انتخاب میں پی ٹی آئی کی ڈاکٹریاسمین راشد کو 13 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دے کر رکن قومی اسمبلی بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:این اے-120: کلثوم نواز کی یاسمین راشد کو شکست، غیرحتمی نتیجہ

لاہور کے این اے 120 کے 220 پولنگ اسٹیشنوں سے حاصل ہونے والے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق کلثوم نواز نے 13 ہزار سےزائد ووٹوں سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ڈاکٹریاسمین راشد کو شکست دے دی۔

کلثوم نواز نے غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق 61 ہزار254 ووٹ حاصل کیے، ڈاکٹر یاسمین راشد نے 47 ہزار66 ووٹ حاصل کرکے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں