’جڑواں 2‘ کا اچھا آغاز

اپ ڈیٹ 02 اکتوبر 2017
فلم 1990 میں آنے والی سلمان خان کی فلم ’جڑواں‘ کا سیکوئل ہے—اسکرین شاٹ
فلم 1990 میں آنے والی سلمان خان کی فلم ’جڑواں‘ کا سیکوئل ہے—اسکرین شاٹ

رواں برس بولی وڈ کی متعدد فلمیں شائقین کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکیں، یہاں تک سلمان خان کی ’ ٹیوب لائٹ‘ شاہ رخ خان کی ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اور رنبیر کپور کی ’جگا جاسوس‘ بھی اچھا بزنس کرنے میں ناکام رہیں۔

گزشتہ 6 ماہ کے دوران ریلیز ہونے والی متعدد بولی وڈ فلموں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، صرف اکشے کمار کی ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ ہی سپر ہٹ ثابت ہوئی۔

گزشتہ ماہ ریلیز ہونے والی اجے دیوگن اور عمران ہاشمی کی فلم ’بادشاہو‘ بھی کوئی خاص دھوم مچانے میں ناکام رہی، تاہم اس فلم نے شاہ رخ اور سلمان خان کی فلموں کے مقابلے اچھی کمائی کی۔

سلمان خان کی 1997 میں آنے والی فلم ’جڑواں‘ کے سیکوئل ’جڑواں 2‘ سے شائقین اور باکس آفیس کو کئی امیدیں وابستہ تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’جڑواں 2‘ کا ٹریلر ریلیز

اور ابتدائی تین دن کی کمائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم شائقین کی امیدوں پر پورا اترے گی۔

ورون دھون، جیکولین فرنانڈس اور تپسی پنو کی رومانٹک کامیڈی فلم ’جڑواں 2‘ نے ریلیز کے ابتدائی تین دن میں 37 کروڑ بھارتی روپے کے لگ بھگ کمائی کرکے کئی فلموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

ترن آدرش نے ٹوئیٹ کی کہ ’جڑواں 2‘ نے ابتدائی 2 دن میں 36 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد کا بزنس کیا، تاہم باکس آفیس رپورٹس کے مطابق فلم نے 37 کروڑ سے زائد کی کمائی کی۔

’جڑواں 2‘ نے کامیاب اوپننگ کرتے ہوئے پہلے ہی دن 16 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے بٹورے، جو رواں برس مئی کے بعد ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلموں میں سب سے ذیادہ کمائی ہے۔

مزید پڑھیں: اصل 'جڑواں' ورن دھون نہیں بلکہ سلمان خان

اس فلم سے قبل رواں برس سب سے ذیادہ اوپننگ کمائی کا اعزاز شاہ رخ خان کی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ کو حاصل تھا، جس نے پہلے ہی دن 15 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کمائے تھے۔

تاہم اب یہ اعزاز ورون دھوم کی فلم کو حاصل ہوچکا ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ ’جڑواں 2‘ 100 کروڑ کلب میں تیزی سے شامل ہونے والی رواں برس کی پہلی بولی وڈ فلم ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ رواں برس مئی کے بعد اب تک سب سے ذیادہ تیزی سے 100 کروڑ کلب میں صرف اکشے کمار کی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ ہی شامل ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’خدا نے چاہا تو میں جڑواں-تھری میں بھی ہوں گا‘

’جڑواں 2‘ فلم کی تیاری میں 80 کروڑ بھارتی روپے کے اخراجات آئے، اور اب تک فلم 36 کروڑ روپے بٹور چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں