غیرذمے دارانہ بیٹنگ، پاکستان جیتی بازی ہار گیا

اپ ڈیٹ 04 اکتوبر 2017
محمد عامر کو آؤٹ کرنے پر پاکستانی کھلاڑی خوشیاں مناتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر کو آؤٹ کرنے پر پاکستانی کھلاڑی خوشیاں مناتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

ابو ظہبی میں بلے بازوں کی ناقص بیٹنگ کے سبب پاکستان نے جیتی ہوئی بازی گنوا دی اور سری لنکا نے رنگنا ہیراتھ کی شاندار باؤلنگ کی بدولت پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 21 رنز سے شکست دے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ابو ظہبی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دن سری لنکا نے 69 رنز چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو یاسر شاہ اور محمد عباس کی شاندار باؤلنگ کے سامنے سری لنکن بلے باز بے بس نظر آئے۔

نروشن ڈکویلا نے 40 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن اس کے سوا کوئی بھی کھلاڑی اچھی بیٹنگ نہ کر سکا اور پوری ٹیم 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے پانچ اور محمد عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

136 رنز کے نسبتاً آسان نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں مصباح الحق اور یونس خان سے محروم پاکستانی ٹیم کی اننگز کا آغاز تباہ کن تھا اور 36 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

سمیع اسلم دو، اظہر علی صفر، شان مسعود سات، بابر اعظم تین اور اسد شفیق بیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر حارث سہیل اور کپتان سرفراز احمد نے 42 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن کپتان نازک موقع پر غئیر ذمے دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے ہیراتھ کی گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔

حارث سہیل نے دوسری اننگز میں بھی 34 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن دلروان پریرا کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں انہیں آؤٹ قرار دیا گیا۔سرفراز احمد 19 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی پوری ٹیم 50 اوورز کے اندر 114 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی اور اس تباہی کے ذمے دار مایہ ناز اسپنر رنگنا ہیراتھ تھے جنہوں نے دوسری اننگز میں چھ وکٹوں سمیت میچ میں گیارہ وکٹیں حاصل کیں۔

سرفراز احمد 19 رنز بنا سکے جبکہ حسن علی آٹھ، محمد عامر نو اور محمد عباس صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آٹھ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

اس میچ میں 21 رنز سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ہی سری لنکا نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

تبصرے (0) بند ہیں