پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ٹریڈنگ کے دوران شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا اور ’کے ایس ای 100 انڈیکس‘ 40 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بھی نیچے آگیا، تاہم آخری اوقات میں خریداری کے باعث مارکیٹ نے یہ نفسیاتی حد بحال کرلی۔

کاروباری سیشن کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 655 پوائنٹس (1.59 فیصد) کمی دیکھنے میں آئی، جو ایک وقت میں 1100 پوائنٹس سے زائد ہوچکی تھی۔

کاروبار کے دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 41 ہزار 180 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 39 ہزار 870 پوائنٹس رہی۔

مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار مزید کام کرنے کے لیے تیار نہیں جبکہ ملکی سیاست میں جاری غیر یقینی کی صورتحال شدید مندی کی وجہ بتائی جارہی ہے۔

ایلگزر سیکیورٹیز کے بیان میں کہا گیا کہ ’ادارہ جاتی فروخت کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ 11 ماہ کی کم ترین 40 ہزار 500 پوائنٹس کی سطح پر آگئی ہے۔‘

کاروباری حجم کی صورتحال منگل کے مقابلے میں بہتر رہی اور 100 انڈیکس میں 9 کروڑ 73 لاکھ شیئرز کا کاروبار ہوا جن کی مالیت 8 ارب روپے رہی۔

مزید پڑھیں: ڈالر کی خریداری میں اضافہ

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کے ایس ای 100 انڈیکس 42 ہزار پوائنٹس سے زائد کی سطح پر موجود تھا جبکہ موجودہ ہفتے کے آغاز سے ہی اس میں کمی واقع ہورہی ہے اور تین روز کے اندر انڈیکس میں 2 ہزار پوائنٹس سے زائد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

اسٹاک مارکیٹ تجزیہ کاروں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آج کے ایس ای 100 انڈیکس 39 ہزار 9 سو پوائنٹس سے نیچے پر بند ہوا تو اس میں آئندہ روز بھی واضح کمی آئے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں