لندن کے میئر صادق خان رواں سال کے آخر میں تجارتی وفد کے ہمراہ پاکستان اور بھارت کا دورہ کریں گے۔

لندن حکومت کی ویب سائٹ پر جاری بیان کے مطابق صادق خان تجارتی وفد کی قیادت کریں گے اور دونوں ممالک کے آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے، جن کا مقصد لندن سے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہوگا۔

صادق خان بھارت میں ممبئی، نئی دہلی اور امرتسر کا دورہ کریں گے جس کے بعد وہ پاکستان آئیں گے، جہاں وہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

صادق خان کے ہمراہ برطانوی تاجروں کا وفد بھی دونوں ممالک کا دورہ کرے گا جس میں سیاستدانوں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کی جائیں گی۔

صادق خان نے کہا کہ ’اس شخص کے طور پر، جس کے دادا دادی نے بھارت میں جنم لیا اور جس کے والدین پاکستان سے لندن منتقل ہوئے، مجھے برصغیر سے ایک گہرا تعلق محسوس ہورہا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ان کے اس دورے کا اصل فائدہ لندن کے لوگوں کو ہوگا اور یہ فائدہ کاروبار و تجارت، ملازمتیں اور سرمایہ کاری اور ثقافت و ٹیکنالوجی کے تبادلے کی صورت میں ہوگا۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ ان کے دورے کا ایک بڑا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد لندن کے دروازے ملازمت تلاش کرنے والوں، دورہ کرنے والوں اور طلبہ کے لیے کھلے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس وقت تجارتی حجم 2 ارب پاؤنڈز ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں