بچوں کے مشہور ڈرامے 'عینک والا جن‘ میں بل بتوڑی کا کردار ادا کرنے والی نصرت آرا بیگم انتقال کرگئیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق نصرت آرا کافی عرصے سے علیل تھیں اور آج حالت بگڑنے پر انہیں لاہور کے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، ان کا آئی سی یو میں اعلاج جاری تھا جب سانس اکھڑنے اور دل کا دورہ پڑنے کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔

مزید پڑھیں: 'بل بتوڑی' کے علاج کا فنڈ 10 لاکھ کر دیا گیا

خیال رہے کہ اداکارہ کو ایک سال قبل فالج کا اٹیک ہوا تھا، جس کے باعث ان کی بائیں ٹانگ متاثر ہوئی تھی۔

اُس وقت بیت المال نے نصرت آرا کے علاج معالجے کے اخراجات اٹھانے کی یقین دہانی کروائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: 'بل بتوڑی' کے علاج کا ذمہ بیت المال نے اٹھالیا

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے ایک سرکاری لیٹر نصرت آراء بیگم کو دیا گیا تھا، جسے دکھا کر وہ کسی بھی ہسپتال میں اپنا علاج کروا سکتی تھیں۔

رواں سال کے آغاز میں نصرت آراء نے حکومت پنجاب سے مطالبہ بھی کیا تھا کہ انہیں رہائش کے لیے ایک مکان فراہم کیا جائے، کیونکہ اس وقت وہ ایک کمرے کے چھوٹے سے مکان میں رہائش پذیر تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: عینک والا جن کی واپسی

نوے کی دہائی میں ڈرامہ سیریل 'عینک والا جن' نے بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبولیت حاصل کی تھی، اس ڈرامے میں نصرت آرا کا کردار ’بل بتوڑی‘ آج بھی شائقین میں اتنا ہی مقبول ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں