’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ میں سونم اور انیل کپور
ویسے تو کمار سانو کا گانا ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ 23 سال قبل انیل کپور اور منیشا کوئرالہ پر فلمایا گیا تھا، جو آج بھی لوگوں میں مقبول ہے۔
لیکن دل چسپ بات یہ ہے کہ اب ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ کے نام سے فلم بنائی جائے گی، جس میں ایک بار پھر انیل کپور اپنی بیٹی سونم کپور کے ساتھ پہلی بار اسکرین پر کام کرتے نظر آئیں گے۔
’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ گانا 1994 میں ریلیز کی گئی فلم ’1942 اے لو اسٹوری‘ میں شامل تھا، اس فلم کو ودھو ونود چوپڑا نے بنایا تھا۔
لیکن اب اس گانے کے نام پر بننے والی فلم کو ودھو ونود چوپڑا کی بہن شیلے چوپڑا بنانے جا رہی ہیں۔
انڈین ایکسپریس نے خبر میں بتایا کہ فلم ساز ودھو ونود چوپڑا کی بہن ہدایت کار شیلے چوپڑا کی فلم ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ میں پہلی بار سونم کپور اپنے والد کے ساتھ کام کر تی نظر آئیں گی۔
خبر میں فلم کی کہانی اور دونوں باپ، بیٹیوں کے کردار کے حوالے سے کچھے نہیں بتایا گیا، تاہم اس سے قبل گزشتہ ماہ 24 ستمبر کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سونم اور انیل کپور ہدایت کار شیلے چوپڑے کی فلم میں حقیقی زندگی کی طرح فلم میں بھی باپ اور بیٹی بنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سونم اور انیل کپور فلم میں بھی باپ بیٹی بنیں گے؟
خبر تھی کہ شیلے چوپڑے ایک ایسی فلم بنانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہیں، جس میں ایک بیٹی اور والد کی محبت کو دکھایا جائے گا۔
یہ بھی خبر تھی کہ اس فلم کو ممکنہ طور پر ’مارکو بھاؤ‘ کے نام سے بنایا جائے گا، تاہم اب اسے ’ایک لڑکی کو دیکھا تو ایسا لگا‘ کے نام سے بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس فلم کے لیے ہدایت کارہ شیلے چوپڑے کی پہلی پسند اداکار سنجے دت تھے، تاہم ان سے معاملات طے نہ پانے کے بعد فلم کی ٹیم نے انیل اور سونم کپور کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ آٗئندہ برس سے فلم کی شوٹنگ کا آغاز کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ سونم کپور ان دنوں اپنی آنے والی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔












لائیو ٹی وی