پی ایس ایل تھری: 2 چینی کرکٹرز بھی زلمی کے ہمراہ ہوں گے

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2017
اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے میں اس حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا—۔فوٹو/ عبدالغفار
اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے میں اس حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا—۔فوٹو/ عبدالغفار

پاک-چین دوستی کو ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے چین کے دو کرکٹرز بھی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے لیے پشاور زلمی کے اسکواڈ کے ہمراہ ہوں گے۔

پشاور زلمی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے میں اس حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان میں تعینات چین کے سابق سفیر چن زیانگ زنگ، چین کرکٹ ٹیم کے کوچ یی تیان، چین کے کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے خصوصی طور پر شرکت کی، جن کا پشاور زلمی زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔

مزید پڑھیں: پشاور زلمی سب سے مقبول اور منافع بخش فرنچائز

چیئرمین پشاور زلمی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ان کی ٹیم اور کوچز چین میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے، پہلے قدم کے طور پر چین کے دو انٹرنیشنل کرکٹرز کو پی ایس ایل تھری کے لیے پشاور زلمی کے اسکواڈ کے ہمراہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو پاکستان کے اسٹار کرکٹرز سے کرکٹ کے جوہر سیکھیں گے۔

اس کے علاوہ چین کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر دیگر پروگراموں پر بھی کام کیا جائے گا، جن کی تفصیلات کچھ یوں ہیں؛

  • چین میں کرکٹ سیمینار کا انعقاد، جس میں پشاور زلمی کے کوچز لیکچرز دیں گے۔

  • گلوبل زلمی اور زلمی ٹیلنٹ ہنٹ ٹیموں کے نوجوان کھلاڑیوں کا چین کا دورہ اور چین کی ٹیموں کے ساتھ دوستانہ میچز کا انعقاد

  • چینی کرکٹرز کو پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کرکٹرز کے ساتھ سیکھنے اور وقت گزارنے کا موقع

  • پشاور زلمی اور چین کرکٹ ایسوسی ایشن مستقبل میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرکے باہمی دوستی اور اشتراک کے جذبے کو مزید پروان چڑھائیں گے.

اس موقع پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ عظیم دوست ملک چین کے ساتھ کھیلوں کے روابط سے دونوں ملکوں کے عوام مزید قریب آئیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور زلمی کا 'زلمی ورلڈ کپ' کے انعقاد کا اعلان

دوسری جانب چین کے سابق سفیر چن زیانگ زنگ نے کہا کہ پشاور زلمی کا گوبل ویژن اور چین میں کرکٹ کے فروغ کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

چینی کوچ یی تیان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل جیسے بڑے ٹورنامنٹ سے ان کے کرکٹرز کو سیکھنے کا بھرپور موقع ملے گا جبکہ چینی کرکٹرز جیان لی اور یوفی زانگ نے کہا کہ وہ پشاور زلمی کے ساتھ رہنے کے اعلان پر بہت پرجوش ہیں اور پی ایس ایل چیمپیئن ٹیم سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔

تقریب میں معزز مہمانوں کو پشاور زلمی کی شرٹس بھی پیش کی گئیں، اس موقع پر چین کے کوچ راشد خان، پشاور زلمی کے کوچ محمد اکرم، شاہ فیصل آفریدی اور شاہ خالد آفریدی بھی موجود تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں