اسلام آباد: پنجاب یونیورسٹی کی پروفیسر شاہدہ حسنین کو بنگلہ دیش کے ڈاکٹر سمیر شاہا کے ساتھ مائیکروبائیولوجی کے شعبے میں خدمات سرانجام دینے پر یونیسکو کارلوس جے فنلے پرائز 2017 دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی کی پروفیسر شاہدہ حسنین—۔فوٹو/ بشکریہ ویمن یونیورسٹی ملتان
پنجاب یونیورسٹی کی پروفیسر شاہدہ حسنین—۔فوٹو/ بشکریہ ویمن یونیورسٹی ملتان

اس انعام کی رقم 10 ہزار ڈالر ہے، جسے دونوں افراد میں برابر تقسیم کیا جائے گا۔

یونیسکو کی جانب سے اس پرائز کا آغاز 1977 میں ہوا، جو مائیکروبائیولوجی کے شعبے میں غیر معمولی خدمات سرانجام دینے والے سائنسدانوں کو دیا جاتا ہے۔

پروفیسر شاہدہ حسنین اور ڈاکٹر شاہا یونیسکو کی سالانہ کانفرنس کے دوران 6 نومبر کو اپنا انعام حاصل کریں گے۔

30 اکتوبر سے 14 نومبر کے دوران منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں 195 رکن ممالک کے افراد شرکت کریں گے۔

پروفیسر شاہدہ حسنین، پنجاب یونیورسٹی میں شعبہ مائیکرو بائیولوجی اور مالیکیولر جینیٹکس کی بانی اور چیئرپرسن ہیں، جو اپنے کام کے حوالے سے مختلف اعزازات حاصل کرچکی ہیں۔

ان کا ڈپارٹمنٹ اپنے آلات اور مہارت کی وجہ سے 'سینٹر آف ایکسلینس' تسلیم کیا جاتا ہے۔


یہ خبر 21 اکتوبر 2017 کے ٖڈان اخبار میں شائع ہوئی

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں