کراچی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ میں جو وسائل ہیں اسے لوگوں پر خرچ کیا جائے تو صوبے کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے اداروں میں لوگوں کو میرٹ پر تعینات نہیں کیا جاتا۔

چیئرمیں پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک میں پانی کا بحران آنے والا ہے ہمیں مل بیٹھ کر اس مسئلے کا حل نکالنا چاہیے۔

صوبے کے کسانوں کی حالت زار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو پانی نہیں ملتا اور انہیں پانی سے ڈرایا جاتا ہے کہ اگر وہ ان سیاست دانوں کی حمایت نہیں کریں گے تو ان کا پانی بند کردیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: سندھ کے لوگ آصف زرداری اور فریال تالپور سے پریشان ہیں، عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ زرداری کی شوگر مل مافیا گنے کے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پھل نہیں دیتی۔

شرجیل انعام میمن کی گرفتاری پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ان کی گرفتاری سے خوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کا پیسہ چوری کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالنے کے بجائے ان کی مدد کرتی ہے لیکن نیب چیئرمین نے جو قدم اٹھایا ہے ساری قوم ان کی طرف دیکھ رہی ہے۔

عمران خان نے ملک کی معیشت پر بات کرتے ہوئے ہوئے بتایا کہ اسحٰق ڈار اور نواز شریف نے پاکستان کے قرضوں کو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچا دیا ہے، ہماری ایکسپورٹ کی صنعتیں بجلی اور گیس پر ٹیکس لگنے کی وجہ سے بند ہو رہی ہیں اور ہم بھارت اور بنگلہ دیش کا بھی مقابلہ نہیں کرسکتے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت آئی توسندھ میں پہلے پولیس کا نظام ٹھیک کروں گا،عمران خان

عائشہ گلالئی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اس فیصلے کو دیکھ رہے ہیں، یہ بالکل آئین کے خلاف ہے انہوں نے خود کہا تھا کہ وہ پارٹی سے استعفیٰ دے رہی ہیں ہمارے پاس اس کے ریکارڈز موجود ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے لیے میں نے خاص ان سوئنگ تیار کر رکھی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں