کرکٹ میں رنز اور ریکارڈز کے انبار لگانے والے قومی کرکٹرز نہ صرف دوسرے کرکٹرز کے ریکارڈز سے بے خبر ہیں بلکہ وہ اپنے ریکارڈ کے بارے میں بھی بہت کم واقفیت رکھتے ہیں۔

حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تجربہ کار قومی کرکٹرز شعیب ملک اور محمد حفیظ سے سوال و جواب کے سیشن کا اہتمام کیا گیا اور ان سے ایک دوسرے کے ریکارڈز سے متعلق دریافت کیا لیکن دونوں ہی کھلاڑی 100فیصد جواب دینے میں ناکام رہے۔

15 سال سے ایک دوسرے کے ساتھ کرکٹ کھیلنے والے سابق کپتانوں کی نہ صرف معلومات کم نکلیں بلکہ وہ دونوں ایک دوسرے کو مات دینے میں بھی ناکام رہے۔

سب سے پہلے حفیظ سے شعیب ملک سے متعلق سوالت پوچھے گئے جن کی تفصیل کچھ یوں ہے۔

سوال: حفیظ نے بھارت کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں کتنی سنچریاں اسکور کیں؟

حفیظ نے اس کا جواب دو دیا جو غلط ثابت ہوا کیونکہ شعیب ملک کی روایتی حریف کے خلاف سنچریوں کی تعداد چار ہے۔

سوال: شعیب ملک نے اپنے کیریئر میں کسی ایک ٹیم کے خلاف جو سب سے زیادہ چھکے لگائے ان کی تعداد 21 ہے، وہ حریف کون ہے؟

حفیظ کا جواب تھا سری لنکا اور وہ اس مرتبہ درست ثابت ہوئے کیونکہ شعیب نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے میچوں میں 21 چھکے لگائے ہیں۔

سوال: ون ڈے کرکٹ میں شعیب ملک کیریئر میں سب زیادہ چار مرتبہ کس حریف کے خلاف صفر پر آؤٹ ہوئے؟

حفیظ نے اس مرتبہ بھی جواب میں سری لنکا کہا اور ان کا یہ جواب درست ثابت ہوا۔

سوال: شعیب ملک کی ٹی20 کرکٹ میں کس ٹیم کے خلاف باؤلنگ اکانومی 4.75 ہے؟

حفیظ اس بار غلط ثابت ہوئے کیونکہ انہوں نے جواب میں آسٹریلیا کہا جبکہ حفیظ کی ٹی20 میں سب سے بہترین اکانومی زمبابوے کے خلاف ہے۔

سوال: ٹی20 کرکٹ میں شعیب ملک نے صرف ایک کھلاڑی کو دو مرتبہ آؤٹ کیا، وہ کھلاڑی کون ہے؟

37 سالہ آل راؤنڈ پھر صحیح جواب دینے میں ناکام رہے کیونکہ انہوں نے جواب میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن کا نام لیا جبکہ شعیب ملک نے صرف بریڈ ہیڈن کو ٹی20 کرکٹ میں دو مرتبہ آؤٹ کیا۔

اس کے بعد شعیب ملک کی باری آئی لیکن ان کے حالات بھی کچھ مختلف نہ تھے اور انہوں نے سوالات کو مشکل قرار دے کر یہاں تک کہا کہ ان سوالوں کے جواب تو نام نہاد کرکٹ ماہرین بھی نہیں دے سکتے۔

شعیب سے پوچھے گئے سوالات کچھ یوں تھے۔

سوال: محمد حفیظ نے ون ڈے کرکٹ میں کسی ایک حریف کے خلاف سب سے زیادہ سات نصف سنچریاں بنائی ہیں، وہ حریف کون ہے؟

شعیب ملک کے ساتھ ساتھ اس محمد حفیظ بھی اس سوال کا درست جواب نہ دے سکے کیونکہ ملک نے زمبابوے جبکہ حفیظ نے سری لنکا کا نام لیا لیکن درست جواب ویسٹ انڈیز تھا۔

سوال: ون ڈے میں حفیظ نے اپنے کیریئر کا سب سے بہترین اسکور 140 ناٹ آؤٹ کس حریف کے خلاف بنایا؟

شعیب ملک پھر صحیح جواب نہ دے سکے اور انہوں نے نیوزی لینڈ کا نام لیا جبکہ حفیظ نے ون ڈے کیریئر کی سب سے بڑی اننگز سری لنکا کے خلاف کھیلی تھی۔

سوال: کس باؤلر نے حفیظ کو دو ٹی20 میچوں میں اتنی ہی مرتبہ آؤٹ کیا؟

شعیب ملک نے ڈیل اسٹین کا نام لیا لیکن ان کا جواب غلط تھا کیونکہ ایسا کرنے والے واحد باؤلر انگلینڈ کے لیام پلنکٹ ہیں۔

سوال: دنیا کے کس گراؤنڈ پر دو ٹی20 میچوں میں حفیظ کی بیٹنگ اوسط 69 ہے؟

تین غلط جوابوں کے بعد بالآخر ملک درست ثابت ہوئے اور انہوں نے کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کا نام لیا جو صحیح جواب تھا۔

سوال: حفیظ نے مصباح کی زیر قیادت 76 میچوں میں سب سے زیادہ 59 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اس کے بعد ان کی کسی کپتان کی زیر قیادت سب سے بہترین کارکردگی 31 میچوں میں 25 وکٹیں لینا ہے، انہوں نے یہ کارکردگی کس کپتان کی زیر قیادت حاصل کیں۔

شعیب ملک نے شاہد آفریدی کا نام لے کر ایک مرتبہ پھر درست جواب دیا۔

دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے دو دو جواب درست دیے جانے پر مقابلہ ٹائی ہونے پر دونوں کھلاڑیوں نے سے ایک ایک سوال اور کیا گیا لیکن اس مرتبہ دونوں ہی آل راؤنڈرز نے درست جواب دیا اور یوں مقابلہ ٹائی ہو گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں