بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار نوازالدین صدیقی ویسے تو ان دنوں اپنی فلم ’منٹو‘ کی شوٹنگ میں بھی مصروف ہیں، تاہم وہ آج کل اپنی آنے والی کتاب کی تشہیر کرنے میں بھی مصروف ہیں۔

نوازالدین صدیقی ان دنوں اپنی سوانح حیات ’ایک عام زندگی: ایک یادداشت‘(An Ordinary Life: A Memoir) کی تشہیر اور میڈیا مہم میں مصروف ہیں۔

خیال رہے کہ نوازالدین صدیقی نے اپنی سوانح حیات صحافی اور مصنف ریتوپرنا چیٹرجی کے ساتھ مل کر تحریر کی، جس میں اداکار نے اپنی ابتدائی زندگی سے لے کر بولی وڈ تک کے سفر سے متعلق یاد داشتیں شیئر کیں ہیں۔

’ایک عام زندگی: ایک یادداشت‘(An Ordinary Life: A Memoir) کو رواں ماہ 25 اکتوبر کو فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا، تاہم کتاب پہلے ہی خبروں میں آچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نوازالدین صدیقی کی سوانح حیات
دونوں اداکاروں نے مس لولی فلم میں ایک ساتھ کام کیا—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام
دونوں اداکاروں نے مس لولی فلم میں ایک ساتھ کام کیا—فائل فوٹو: انڈیا ڈاٹ کام

گزشتہ دنوں نوازالدین صدیقی نے اپنی سوانح حیات سے اقتسابات شیئر کیے تھے، جس میں انہوں نے 2012 میں آنے والی اپنی فلم ’مس لولی‘ کی ساتھی اداکارہ نیہاریکا سنگھ سے اپنے رومانوی تعلقات کے بارے میں بتایا۔

این ڈی ٹی وی پر شائع نوازالدین صدیقی کی کتاب کے اقتسابات سے پتہ چلتا ہے کہ ورسٹائل اداکار کے نہ صرف نیہاریکا سنگھ سے تعلقات تھے، بلکہ دیگر خواتین سے بھی ان کی شناسائی رہی۔

تاہم نوازالدین نے ’مس لولی‘ کی ساتھی اداکارہ کے ساتھ رومانوی تعلقات کے حوالے سے بتاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان دونوں کے درمیان لگ بھگ ڈیڑھ سال تک تعلقات استوار رہے، اور انہوں نے متعدد ملاقاتیں کیں۔

نوازالدین صدیقی کی کتاب کے اقتسابات کے مطابق نیہاریکا سنگھ نے اداکار کے ای میل اکاؤنٹ سے دیگر لڑکیوں کو ای میل بھی کیے۔

نوازالدین صدیقی کے ایسے دعوے کے بعد اداکارہ نیہاریکا نے بھی اپنا مؤقف دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ ان کے اور نوازالدین صدیقی کے درمیان تعلقات کافی عرصے تک نہیں بلکہ محض چند ماہ تک چلے۔

اداکارہ نے نوازالدین صدیقی کے دعووں کو مسترد کردیا—فوٹو؛ انڈیا ٹائمز
اداکارہ نے نوازالدین صدیقی کے دعووں کو مسترد کردیا—فوٹو؛ انڈیا ٹائمز

این ڈی ٹی وی کے مطابق اداکارہ نیہاریکا سنگھ نے بھارتی نیوز ایجنسی آئی اے این ایس سے بات چیت کے دوران نوازالدین صدیقی کے ان دعووں کو مسترد کردیا کہ ان دونوں کے درمیان رومانس تھا۔

نیہاریکا سنگھ کا کہنا تھا کہ ’یہ سچ ہے کہ ان دونوں کے درمیان مس لولی کی شوٹنگ کے درمیان اچھے تعلقات تھے، تاہم جس طرح نوازالدین صدیقی تعلقات کے بارے میں بتا رہے ہیں وہ غلط ہے، ان دونوں کے تعلقات ایسے نہیں تھے‘۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر ہنسی آ رہی ہے کہ نوازالدین صدیقی نے انہیں ایک ایسی خاتون کے طور پر پیش کیا، جنہوں نے اداکار کے ساتھ موم بتی کی روشنی میں بیڈ روم میں ملاقات کی، اور ان کے اکاؤنٹ سے دوسری خواتین کو ای میل اور فون کالز کیں۔

اداکارہ نے نوازالدین صدیقی کی جانب سے بتائے گئے واقعات، لمحات و اعداد شمار کو مسترد کردیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ظاہر ہے نوازالدین صدیقی اپنی کتاب کی زیادہ سے زیادہ فروخت چاہتے ہیں، اس لیے وہ اپنی کتاب کی پذیرائی کے لیے خاتون کا سہارا لے رہے ہیں، اور یہاں تک کے خاتون کا استحصال کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

نیہاریکا سنگھ نے واضح کیا کہ انہوں نے نوازالدین صدیقی کے ساتھ ایک بہترین اداکار کے طور تعلقات برقرار رکھنے کی کوشش کی، تاہم ان کے اس پہلو کی وجہ سے یہ ممکن نہیں رہا۔

نیہاریکا سنگھ نے نوازالدین صدیقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اسکرین پر اپنی اداکاری کا بہترین مظاہرہ کرتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ نواز الدین صدیقی کی سوانح حیات کو آن لائن بھی خریدا جاسکتا ہے، اداکار نے اپنے کتاب کی آن لائن خریداری کی لنک بھی ٹوئیٹ کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں