ویڈیو چیٹ کے لیے کسی ایپ کے بارے میں سوچا جائے تو سب سے پہلے اسکائپ کا خیال ذہن میں آتا ہے تاہم مائیکرو سافٹ کی اس اپلیکشن کو پہلے فیس بک میسنجر، پھر واٹس ایپ اور اب انسٹاگرام کی شکل میں مشکل کا سامنا ہے۔

جی ہاں انسٹاگرام میں بھی کئی ماہ کی آزمائش کے بعد آخر کار لائیو ویڈیو چیٹ کا آپشن متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے دو افراد بیک وقت لائیو جاکر ایک دوسرے سے بات چیت کرسکتے ہیں اور یہ اب ہر ایک کے لیے دستیاب ہے۔

اس سے پہلے اگست میں اسے آزمائشی بنیادوں پر پیش کیا گیا تھا مگر اب کوئی بھی لائیو اسٹریم اسٹارٹ کرکے اسے دیکھنے والے کسی بھی فرد کو اس میں ایڈ کرسکتا ہے۔

اگر وہ فرد اس انوی ٹیشن کو قبول کرلے تو لائیو اسٹریم دو اسکرین میں بدل جائے گی تاکہ دونوں صارفین ایک دوسرے سے بات کرسکیں۔

مزید پڑھیں : فیس بک میسنجر نے صارفین کا بڑا مطالبہ پورا کردیا

یعنی لائیو ویڈیو چیٹ میں یہ ایپ اسپلٹ اسکرین موڈ پر چلی جاتی ہے، جس میں کال ملانے والے کی ویڈیو ٹاپ پر جبکہ مہمان نیچے ہوتے ہیں۔

صارفین کسی بھی ویور کو چیٹ کے لیے نیچے دائیں جانب ایک آئیکون پر کلک کرکے چیٹ کے لیے مدعو کرسکتے ہیں، تاہم ایک وقت میں صرف دو صارف ہی اس فیچر کو استعمال کرسکیں گے۔

بس یہ اسکائپ، اسنیپ چیٹ یا میسنجر کی طرح ون ٹو ون ویڈیو چیٹ نہیں ہوگی بلکہ اسے فالورز دیکھ سکیں گے ، جبکہ مختلف ری ایکشنز اور کمنٹس سے اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ میں ویڈیو کالنگ فیچر متعارف

انسٹاگرام نے اپنے ایک بلاگ میں بتایا کہ یہ نیا فیچر نوجوانوں کے لیے اپنے دوستوں سے رابطے کا ایک نیا ذریعہ ثابت ہوگا اور وہ ورچوئل طریقے سے اکھٹے ہوسکیں گے۔

اور ہاں یہ فیچر ایسا ہے جو کم از کم اسنیپ چیٹ کا حصہ نہیں اور کافی عرصے بعد انسٹاگرام نے اپنی حریف ایپ کے فیچرز سے ہٹ کر کچھ نیا متعارف کرایا ہے۔

اگر یہ فیچر آپ کے انسٹاگرام پر ابھی اپ ڈیٹ نہیں ہوا تو فکر مند مت ہوں کیونکہ بہت جلد آپ اسے استعمال کرسکیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں