کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے خارج کیے جانے والے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ نے پارٹی میں مائنس ون فارمولے کے آغاز کا انکشاف کردیا۔

ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان مجاہد بلوچ نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ کو بھی پارٹی سے مائنس کردیا جائے، پھر پوری ایم کیو ایم پاکستان ایک طرف ہو اور آپ، ارم فاروقی اور کامران ٹیسوری دوسری طرف ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ناانصافی کے خلاف کھڑا ہوا جائے، کیونکہ اگر وہ یہ مان لیں کہ انہیں ایک قلم کے چل جانے سے پارٹی سے نکال دیا گیا ہے تو پھر کسی کی بھی باری آسکتی ہے۔

سلمان مجاہد بلوچ
سلمان مجاہد بلوچ

پارٹی سے نکالے جانے کی وجوہات کے حوالے سے سلمان مجاہد بلوچ نے کہا کہ ’پارٹی سے نکالے جانے کا جواب میں بھی ڈھونڈ رہا ہوں لیکن بادی النظر میں مجھے کن قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر نکالا گیا یہ نہیں بتایا گیا، تاہم مجھے پارٹی سے کوئی نہیں نکال سکتا، کیونکہ یہ کسی کی جاگیر نہیں بلکہ ہم سب کی جماعت ہے اور اب پارٹی میں ون مین شو نہیں چلے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’22 اگست 2016 سے اپریل 2017 تک پارٹی میں کوئی اختلاف یا گروہ بندی نہیں تھی، لیکن کامران ٹیسوری کی پارٹی میں شمولیت کے بعد اختلافات سامنے آئے، ان کی شمولیت سے پارٹی کو بڑی طرح نقصان ہورہا ہے اور آمریت قائم ہورہی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ‘پارٹی میں اب کئی گروپ بن چکے ہیں، ایک گروپ میں فاروق ستار، کامران ٹیسوری، کنور نوید، ارشد وہرا اور ان کے رفقا شامل ہیں، دوسرے میں عامر خان، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر شامل ہیں، مجھے بھی اسی گروپ میں شامل کیا جاتا ہے، شاید اسی وجہ سے مجھے نکالا گیا اور عامر خان کی بات نہیں سنی گئی۔‘

سلمان مجاہد بلوچ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’میرے خلاف رکن صوبائی اسمبلی کامران اختر نے سازش رچی جو کہ بلدیہ ٹاؤن کے ناظم ہوتے ہوئے چائنا کٹنگ اور لینڈ مافیا کے بادشاہ ہیں اور کرپٹ ترین آدمی ہیں اور انہوں نے اپنی بادشاہت قائم رکھنے کے لیے ایم کیو ایم کے ساتھیوں کو بھی ہلاک کرایا۔‘

ایم کیو ایم پر کراچی میں پلاٹوں کی چائنا کٹنگ کے الزامات سے متعلق سلمان بلوچ نے کہا کہ ’فاروق ستار چائنا کٹنگ اور منی لانڈرنگ سمیت پارٹی کے تمام امور سے واقف ہیں، دبئی میں پیسے کس کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے اس کا جواب فاروق ستار سے لینا بہتر ہے۔‘

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’رشید گوڈیل کئی نجی محافل میں فاروق ستار کو گالیاں دیتے رہے ہیں اور وہ خود پر حملے کا ذمہ دار بھی فاروق ستار کو قرار دیتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پارٹی کے چند ارکان اب بھی ایم کیو ایم لندن سے بلواسطہ رابطے میں ہیں جن میں فاروق ستار، کنور نوید، کشور زہرا اور علی رضا عابدی شامل ہیں۔‘

یاد رہے کہ 20 اکتوبر 2017 کو ایم کیو ایم پاکستان نے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت خارج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پارٹی کے جاری بیان کے مطابق رابطہ کمیٹی نے تنظیمی ڈسپلینری کمیٹی کی سفارش پر رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ کو تنظیمی نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزیوں کی بنیاد پر بنیادی رکنیت سے خارج کردیا۔

ذرائع کے مطابق سلمان مجاہد بلوچ کی رکنیت پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے حق میں میڈیا پر بیان دینے کے تناظر میں خارج کی گئی جبکہ سلمان مجاہد کو پارٹی سے نکالے جانے کے بعد ان سے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ بھی طلب کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل سلمان مجاہد بلوچ کی مبینہ دھمکی آمیز کال بھی سامنے آئی تھی۔

دھمکی مبینہ طور پر ڈی ایم سی ویسٹ سب ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو نفیس نامی شخص کا پیٹرول بند کرنے پر دی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں