پاکستان میں پہلی بار ایسا اسمارٹ فون فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے جس میں 4 کیمرے دیئے ہیں۔

جی ہاں چینی کمپنی ہیواوے کا میٹ 10 لائٹ فون پاکستان میں پری آرڈر میں فروخت کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور اس ڈیوائس یہ دو یا تین نہیں بلکہ 4 کیمروں سے لیس ہے۔

یہ فون رواں ماہ کے آغاز میں سب سے پہلے چین میں مائی مینگ سکس کے نام سے پیش کیا گیا تھا اور اب یہ پاکستان آرہا ہے جس کے پری آرڈرز 26 اکتوبر سے 5 نومبر تک بک کرائے جاسکتے ہیں۔

ویسے چینی کمپنی کے خیال میں اسمارٹ فون کے بیک پر دو اور فرنٹ پر ایک کیمرہ کافی نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس نے چار کیمروں والا اپنا پہلا اسمارٹ فون پیش کیا، جس کی قیمت سام سنگ یا ایپل کے آئی فون کے مقابلے میں بہت زیادہ کم ہے۔

یہ فون 5.9 انچ کی فل ایچ ڈی اسکرین کے ساتھ ہے، جس میں کمپنی نے اس میں اپنا تیار کردہ کیرین 659 پراسیسر دیا ہے جبکہ چار جی بی ریم، 64 جی بی اسٹوریج، جس میں ایس ڈی کارڈ سے اضافہ ممکن ہے اور 3340 ایم اے ایچ بیٹری ہے۔

مزید پڑھیں : ہیواوے کا نیا فون آئی فون 8 سے بہتر ہونے کا دعویٰ

فون میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی سی پورٹ موجود ہے اور ڈوئل سم کا آپشن بھی دیا گیا ہے، اسی طرح اینڈرائیڈ نوگیٹ آپریٹنگ سسٹم میں کمپنی نے اپنے سسٹم ای ایم یو آئی 5.1 کا امتزاج کیا ہے۔

مگر اس کی خاص بات اس کے چار کیمرے ہی ہیں اور یہ چینی کمپنی موبائل فوٹوگرافی کو ایک نئی 'اونچائی' پر پہنچانا چاہتی ہے۔

اس کے فرنٹ اور بیک دونوں جگہ ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ اس فون میں موجود ہے۔

بیک پر ایک سولہ میگا پکسل جبکہ دوسرا دو میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر ایک 13 میگا پکسل جبکہ دوسرا دو میگا پکسل کا کیمرہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : ہیواوے کا اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس پہلا فلیگ شپ فون

اور فرنٹ سے تصویر لیں یا بیک کیمروں سے، دونوں جگہ دھندلے پس منظر کی تصویر لی جاسکے گی (بالکل نئے آئی فون ایکس (10)کی طرح جو کہ سیلفی کے لیے اس طرح کے فیچر کی پیشکش کرتا ہے)۔

ہیواوے کا یہ نیا فون آپ 29 ہزار 999 روپے میں پاکستان بھر میں ہیواوے کے ریٹیل اسٹورز پر جا کر بک کراسکتے ہیں، جس کے ساتھ سرپرائز گفٹ بکس بھی دیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں