بھارت کی مہنگی ترین فلم 2 پوائنٹ 0 کی آڈیو لاؤنچنگ

26 اکتوبر 2017
فلم کو جنوری 2018 میں ریلیز کیا جائے گا—فیس بک
فلم کو جنوری 2018 میں ریلیز کیا جائے گا—فیس بک

سات سال قبل آنے والی بھارتی تامل فلم ’اینتھران‘ جس کا ہندی ورژن ’روبوٹ‘ کے نام سے ریلیز کیا گیا تھا، اب تک لوگوں کو یاد ہے۔

تاہم اب اس سائنس فکشن فلم کا سیکوئل بھی ریلیز کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، فلم کے سیکوئل کو 2 پوائنٹ 0 کو نام سے آئندہ برس جنوری میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

بھارت کی اب تک مہنگی ترین فلم کا اعزاز رکھنے والی 2 پوائنٹ 0 میں اس بار رجنی کانت کے ساتھ بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار، ایمی جیکسن اور دیگر اداکار بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

قریبا ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی ’2 پوائنٹ 0‘ کو اب تک کی بھارت کی سب سے بڑی بجٹ والی فلم کہا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اکشے ’روبوٹ-2‘ کے ولن؟

اس سے قبل بھارت کی سب سے مہنگی فلم کا اعزاز رواں برس ریلیز ہونے والی ’باہو بلی 2‘ کو تھا، جو لگ بھگ 3 ارب بھارتی روپے میں تیار ہوئی تھی۔

تقریب برج خلیفہ میں منعقد کی گئی—فوٹو: فیس بک
تقریب برج خلیفہ میں منعقد کی گئی—فوٹو: فیس بک

سائنس فکشن فلم ’2 پوائنٹ زیرو‘ کی آڈیو لاؤنچنگ دبئی کے ’برج خلیفہ‘ میں کئی گئی، تقریب میں رجنی کانت، اکشے کمار، ایمی جیکسن، موسیقار اے آر رحمٰن، ہدایت کار ایس شنکر، پروڈیوسر کالانتھ مارن اور فلم کی دیگر ٹیم نے بھی شرکت کی۔

فلم کی آڈیو لاؤنچنگ تقریب کو فلم کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی براہ راست دکھایا گیا، جب کہ فلم کی ٹیم نے بھی ایونٹ کی تصاویر شیئر کیں۔

تقریب میں فلم کی بجٹ اور تیاری سے متعلق بھی بتایا گیا—فوٹو: فیس بک
تقریب میں فلم کی بجٹ اور تیاری سے متعلق بھی بتایا گیا—فوٹو: فیس بک

آڈیو لاؤنچنگ کے موقع پر فلم کی ٹیم نے میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات کی، اور صحافیوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

فلم کی موسیقی ترتیب دینے والے مایہ ناز موسیقار اے آر رحمٰن نے میڈیا کو بتایا کہ ’ 2 پوائنٹ 0‘ میں صرف تین گانے ہیں، جن میں سے 2 گانے آئندہ روز تک جاری کردیے جائیں گے، جب کہ ایک گانے کو بعد میں ریلیز کیا جائے گا۔

لیجنڈ اداکار 66 سالہ رجنی کانت کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ ’2 پوائنٹ 0‘ بھارت کی سب سے کامیاب اور معروف فلم ثابت ہوگی، کیوں کہ پروڈیوسر اور ہدایت کار نے فلم کے ذریعے اچھا سماجی پیغام دینے کی کوششس کی ہے۔

اداکار نے فلم کی کہانی پر بات کرنے سے گریز کیا۔

کھلاڑی ہیرو اکشے کمار جو اس فلم میں ولن کے روپ میں نظر آئیں گے، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’2 پوائنٹ 0‘ سے قبل بھی رجنی کانت کے ساتھ کام کیا، لیکن اس فلم میں کام کرنے کے دوران انہوں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔

اکشے کمار نے امید ظاہر کی کہ فلم بھارتی سینما انڈسٹری کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ فلم کا تاحال کوئی آفیشل ٹریلر جاری نہیں کیا گیا، خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کا پہلا ٹریلر دسمبر میں رجنی کانت کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

جب کہ فلم کو آئندہ برس جنوری کے وسط تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں