سعودی عرب میں دو یمنی شہریوں کو سزائے موت
ریاض: دو یمنی باشندوں کو ایک مسلح گروہ تشکیل دینے اور ڈاکہ زنی پر گزشتہ روز سعودی دارالحکومت میں موت کی سزا دے دی گئی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے حوالے سے ایک بیان میں وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یہ دونوں ایک ایسے گروہ کے سرغنہ تھے جن کے دوسرے ارکان کو کوڑوں اور قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
اے ایف پی کے اعداد وشمار کے مطابق سال کے آغاز سے اب تک سعودی عرب میں مجموعی طور پر 56 افراد کو سزائے موت دی جاچکی ہے۔
2012ء میں اس خلیجی ملک نے 76 افراد کو سزائے موت دی جبکہ یہ اعداد و شمار سرکاری اعداد وشمار کی بنیاد پر اے ایف پی کے مرتب کردہ ہیں۔
جبکہ انسانی حقوق کے گروپ ہیومن رائٹس واچ نے سزائے موت پانے والے افراد کی تعداد 69 بتائی ہے۔
آبروریزی، قتل، مسلح ڈکیتی اور منشیات کی اسمگلنگ سعودی عرب کے سخت قوانین کے تحت سزائے موت کے زمرے میں آتے ہیں۔