انگلینڈ انڈر17 فٹ بال کا نیا عالمی چمپیئن بن گیا
انگلینڈ انڈر 17 فٹ بال ورلڈ کپ کے فائنل میں اسپین کو 5-2 سے شکست دے کر نیا چمپیئن بن گیا۔
بھارت کے شہر کولکتہ میں کھیلے گئے انڈر 17 ورلڈ کپ فٹ بال کے فائنل میں کامیابی حاصل کرکے انگلینڈ کی ٹیم نے رواں سال مئی میں انڈر17 یورپین چمپیئن شپ کے فائنل میں ملنے والی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے مشہور کلب مانچسٹرسٹی کے کھلاڑی فل فوڈین نے قیمتی دو گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔
لیورپول کے کھلاڑی ریان بریوسٹر نے ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں اور میچ کا دوسرا گول کیا اسی طرح مورگن گبز وائٹ اور مارس گیوہی نے اسپین کے مضبوط دفاع کو توڑتے ہوئے قیمتی گول داغ دیا۔
دوسری جانب اسپین کے کپتان ابیل روئز نے بارسلونا کے ساتھی کھلاڑی سرجیو گومیز کی مدد سے کھیل کے دسویں منٹ میں گول کیا۔
اسپین کی جانب سے دوسرا گول بھی ہسپانوی کپتان کی مدد سے گومیز نے میچ کے 31 ویں منٹ میں کیا۔
انگلینڈ کے نوجوان کھلاڑی فل فوڈین کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
خیال رہے کہ انگلینڈ نے رواں سال انڈر 20 ورلڈ کپ اور انڈر 19 یورپین چمپیئن شپ بھی اپنے نام کی تھی اور اب انڈر 17 ورلڈ چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
قبل ازیں تیسری پوزیشن کے لیے برازیل اور مالی کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں برازیل نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔
برازیل کو سیمی فائنل میں چمپیئن انگلینڈ نے شکست سے دوچار کیا تھا۔