’سات دن محبت ان‘ میں عائشہ عمر اور حنا دلپذیر بھی کاسٹ

31 اکتوبر 2017
عائشہ عمر اور حنا دلپذیر نے ایک ساتھ اے آر وائے کے کامیاب ڈرامے ’بلبلے‘ میں کام کیا ہے —۔
عائشہ عمر اور حنا دلپذیر نے ایک ساتھ اے آر وائے کے کامیاب ڈرامے ’بلبلے‘ میں کام کیا ہے —۔

ڈان میڈیا گروپ کی پروڈکشن کمپنی ڈان فلمز کے بینر تلے بننے والی پہلی فلم ’سات دن محبت ان‘ میں پہلے سے ہی کئی نامور اداکار موجود ہیں اور اب کامیاب کامیڈی ڈرامے کے دو اہم کردار بھی اس فلم کا حصہ بن گئے۔

ان دو ناموں میں اداکارہ عائشہ عمر اور حنا دلپذیر‎ کا نام موجود ہے، جو فلم میں باقی اداکاروں کے ساتھ کام کرتی نظر آئیں گی۔

مزید پڑھیں: ’سات دن محبت اِن‘ کےساتھ مخنث ماڈل رمل علی کا فلم ڈیبیو

اس فلم کا حصہ بننے پر عائشہ عمر کا کہنا تھا کہ ’میں نے جیسے ہی فلم کا اسکرپٹ پڑھا، اس میں کام کرنے کی حامی دے دی، مجھے فلم کی کہانی بےحد پسند آئی، یہ یقیناً لوگوں کو خوب محظوظ کرے گی، اس میں کامیڈی اور رومانس موجود ہے‘۔

فلم میں شہریار منور اور ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں —۔
فلم میں شہریار منور اور ماہرہ خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں —۔

دوسری جانب اداکارہ حنا دلپذیر‎ کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ سے ہی ایسے کردار ادا کرنے کے لیے تیار رہتی ہوں جن سے لوگ خود کو جوڑ سکیں، پھر چاہے وہ کامیڈی ہوں یا کسی اور انداز کا کردار، یہ مینو اور فرجاد کے ساتھ میری دوسری فلم ہے، مجھے امید ہے شائقین کو یہ منفرد کہانی پسند آئے گی‘۔

واضح رہے کہ عائشہ عمر اور حنا دلپذیر نے ایک ساتھ اے آر وائے کے کامیاب ڈرامے ’بلبلے‘ میں کام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سات دن محبت ان‘ میں آمنہ الیاس کا کردار کیا ہے؟

فلم ’سات دن محبت ان‘ کی کہانی فصیح باری خان نے تحریر کی ہے۔

اس فلم کی کہانی ایک نوجوان لڑکے کی کہانی ہے جو کراچی کے ہجوم میں اپنی محبت کی تلاش میں سرگرداں ہے، ہر رومانوی کہانی کی طرح اس لڑکے کو کئی مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، جسے پار کرکے اسے اپنی منزل حاصل کرنی ہوگی۔

فلم کی ہدایات کامیاب پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ کی مینو گور اور فرجاد نبی دیں گے، جب کہ فلم کی موسیقی نامور موسیقارارشد محمود، شجاع حیدر اور شانی ارشد ترتیب دیں گے۔

مزید پڑھیں: ’سات دن محبت اِن‘ ڈان میڈیا گروپ کی پہلی فلم

فلم میں ماہرہ خان اور شہریار منور مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ، میرا سیٹھی، آمنہ الیاس، عامر قریشی اور عدنان شاہ ٹیپو شامل ہیں۔

میرا سیٹھی بھی فلم کا حصہ ہوں گی —۔
میرا سیٹھی بھی فلم کا حصہ ہوں گی —۔

’سات دن محبت ان‘ اگلئ سال ریلیز کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں