لاہور: سنیل نارائن کا باؤلنگ ایکشن درست کرانے میں مرکزی کردار ادا کرنے والے مایہ ناز باؤلنگ کنسلٹنٹ کارل کرو نے امید ظاہر کی ہے کہ محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن صحیح قرار دے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں حفیظ کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ کیا گیا تھا جس کے بعد ان کا انگلینڈ میں باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ لیا گیا اور اس کا نتیجہ دو ہفتے بعد متوقع ہے۔

مزید پڑھیے: حفیظ اور شعیب ملک کے درمیان دلچسپ مقابلہ ٹائی ہو گیا

باؤلنگ ایکشن کے کے دوران حفیظ سے چار اوورز کرائے گئے اور اس دوران کنسلٹنٹ کارل کرو بھی ان کے ہمراہ تھے۔

حفیظ ٹیسٹ کلیئر ہونے کے حوالے سے پرامید ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایکشن میں تبدیلی کے بعد سے اب تک کوئی فرق نہیں آیا تھا جبکہ اب بھی ٹیسٹ کے دوران کوئی ایسی گیند نہیں نظر آئی جس پراعتراض کیا جا سکے۔

حفیظ کے ساتھ ساتھ کارل کرو نے بھی اس یقین کا اظہار کیا کہ تجربہ کار آل راؤنڈر کا ایکشن درست قرار دے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حفیظ مجھے بہت متوازن نظر آئے اور وہ اپنے جسم کو بہت موثر طریقے سے استعمال کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: قومی ٹیم کا کامیاب ترین کپتان کون ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ انسانی آنکھ سے دیکھ کر یہ کہنا مشکل ہے کہ ایکشن میں کوئی مسئلہ ہے یا نہیں لیکن میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ حفیظ مستقل ایک ہی طرح کے ایکشن باؤلنگ کر رہے ہیں اور انہیں کلئر قرار دے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کارل کرو نے گزشتہ سال مختصر عرصے کیلئے حفیظ کے ساتھ بھی کام کیا تھا اور انہیں ایکشن بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ باؤلنگ میں بہتری کیلئے مفید مشورے بھی دیے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں