’میں انسان ہوں، مجھ سے بھی غلطیاں ہوسکتی ہیں‘
رواں سال پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور بولی وڈ اداکار رنبیر کپور کی ایک ساتھ وائرل ہوئی تصاویر نے سوشل میڈیا پر نئی بحث کا آغاز کردیا تھا۔
ان تصاویر میں ماہرہ خان نے سفید رنگ کا مختصر لباس پہنا تھا، جبکہ وہ اور رنبیر کپور سیگرٹ پیتے بھی نظر آئے، تاہم سوشل میڈیا پر زیادہ تر صارفین نے ماہرہ خان کو ہی تنقید کا نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: ماہرہ اور رنبیر کی تصاویر پر مداحوں کی تنقید
اس کے بعد متعدد مداحوں اور اداکاروں کے ساتھ ساتھ اداکار رنبیر کپور بھی ماہرہ خان کی حمایت میں بولتے نظر آئے، تاہم سب ہی کو ماہرہ خان کے جواب کا انتظار تھا۔
ماہرہ خان نے بھی ڈھکے چھپے لفظوں میں کئی بار اپنی رائے کا اظہار کیا، تاہم اب اپنے ایک اور انٹرویو میں وہ ان تصاویر پر کھل کر بات کرتی نظر آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ پر تنقید کرنا ناانصافی ہے، رنبیر
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’یہ جھوٹ ہوگا اگر میں یہ کہوں کہ میں نے فوری ارادہ کرلیا تھا کہ اس تنازع پر بات نہیں کروں گی، میں بہت مضبوط عورت ہوں، لیکن جب یہ سب کچھ ہوا، میں بالکل ٹوٹ گئی تھی، میں ہر روز سوچتی تھی کہ اپنا ایک بیان جاری کروں، لیکن پھر خود کو روک دیتی کیوں کہ میں نہیں جانتی تھی کہ کیا کہنا چاہیے‘۔
ماہرہ نے مزید کہا کہ ’میں جانتی ہوں یہ تنقید کیوں شروع ہوئی، ابھی بھی اگر کوئی بڑی عمر کی خاتون مجھ سے ملتی ہیں اور ان تصاویر پر اپنی ناپسندیدگی کا اظہار کرتی ہیں تو میں فوری ان سے معذرت کرلیتی ہوں، کیوں کہ میرے مامو یا میری نانی کو بھی میری ایسی تصاویر پسند نہیں آئیں گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: متنازع تصاویر: ساتھی اسٹارز ماہرہ خان کی حمایت میں بول پڑے
مداحوں کی ان سے جڑی امیدوں پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’اگر لوگ مجھ سے پوچھیں کہ کیا میں اپنے مداحوں کے لیے اچھی رول ماڈل ہوں، تو میرا جواب یہی ہوگا کہ ہاں میں ہوں، لیکن میں پرفیکٹ رول ماڈل نہیں، میں انسان ہوں، مجھ سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں، مجھے بےحد خوشی ہوئی تھی یہ دیکھ کر کہ کافی لوگوں نے ان تصاویر کے وائرل ہونے کے بعد میرا ساتھ بھی دیا‘۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان اس وقت اپنی فلم ’ورنہ‘ کی پروموشنز میں مصروف ہیں۔
شعیب منصور کی ہدایات میں بننے والی فلم ’ورنہ‘ رواں ماہ 17 تاریخ کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔












لائیو ٹی وی