اسلام آباد: قومی احتساب بیور (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ نیب بدعنوانی میں ملوث نجی ہاؤسنگ اسکیموں کے بااثر اور طاقتور افراد کو پکڑنے کا عزم رکھتا ہے۔

نیب ہیڈکوارٹر میں 9 ہاؤسنگ سوسائٹیز یا حکومتی محکموں کی جانب سے متاثر ہونے والے 175 افراد میں رقم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب نے اب ان اسکیموں کو متعارف کرانے والوں پر توجہ مرکوز کی ہوئی ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد کو آپریٹو اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹی نے غریب لوگوں، بیواؤں، سرکاری پنشنر اور یتیموں کو نہ پلاٹ دیے اور نہ ہی ان کی رقم واپس کی۔

مزید پڑھیں: نیب کا این ٹی ایس کے خلاف تحقیقات تیز کرنے کا فیصلہ

انہوں نے نیب حکام کی جانب سے ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان نیب حکام کے چہروں پر سکون اور بے خوفی دیکھ سکتے ہیں جنہوں نے جرائم میں ملوث طاقت ور اور بااثر لوگوں کو پکڑنے کے لیے کوششیں کی اور وہ نتائج کا سامنا کرنے کو بھی تیار تھے۔

انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث طاقت ور اور بااثر افراد کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لیے نیب حکام پختہ عزم اور اعادہ کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 179 بدعنوانی کے بڑے مقدمات میں سے نیب نے 96 کے ریفرنسز متعلقہ احتساب عدالت میں دائر کیے ہیں جبکہ بقیہ مقدمات کو بھی جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔


یہ خبر 30 نومبر 2017 کو ڈان اخبارمیں شائع ہوئی

تبصرے (1) بند ہیں

ظل حسن Nov 30, 2017 11:24am
پوسٹ افس ورکر سوسائٹی کراچی کئ برس بیت گئے مگر اج تک اس کا کوئ نام ونشان نہیں جبکہ میرے جیسے ہزاروں افراد جنہوں نے اپنی جمع پونجی ان کے حوالے کر چکے ہیں۔