کرتب دکھانا کوئی آسان کام نہیں، اسی لیے فلمی ہیرو بھی خطرناک مناظر کی شوٹنگ کے لیے کرتب بازوں کی خدمات حاصل کرتے ہیں، لیکن کبھی کبھی کرتب باز بھی اس کھیل میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔

چین میں بھی نوجوان اسٹنٹ باز کثیر منزلہ عمارت پر کرتب دکھانے کے چکر میں اپنا توازن برقرار نہ رکھا سکا، جس وجہ سے وہ گر کر جان کی بازی ہار بیٹھا۔

نوجوان کی جانب سے عمارت کی چھت پر چڑھنے کی کوشش کی لیک ہونے والی ویڈیو میں اسے عمارت پر چڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت پر چڑھنے کی کوشش کے دوران نوجوان تھک جاتا ہے، لیکن اس کے باوجود وہ کوشش جاری رکھتا ہے۔

تاہم بالآخر وہ اپنا توازن کھو بیٹھتا ہے، جس وجہ سے وہ کثیر منزلہ عمارت سے گرکر ہلاک ہوجاتا ہے۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایشیا ون کے مطابق عمارت پر خطرناک اسٹنٹ کرنے والے کی شناخت چین کے 26 سالہ یونگ ننگ کے نام سے ہوئی، جس کا دعویٰ تھا کہ چین میں سب سے پہلے اسی نے ہی خطرناک عمارتوں پر اسٹنٹ دکھانے کی شروعات کی۔

یہ بھی پڑھیں: سیلفی کا شوق، خاتون نے خودکو گولی مارلی

رپورٹ کے مطابق یونگ ننگ کے ہلاک ہونے کا واقعہ ایک ماہ پرانا ہے، تاہم اس کی ویڈیو 10 دسمبر کو لیک کی گئی۔

ڈینگ وین کی جانب سے یوٹیوب پر جاری کی گئی قریبا 4 منٹ دورانیے کی ویڈیو کو چند ہی گھنٹوں میں 11 لاکھ سے زائد بار دیکھا گیا۔

رپورٹس کے مطابق یونگ ننگ چین کے صوبے ہونان کے دارالحکومت چانگشا کی 62 منزلہ عمارت پر چڑھنے کی کوشش کرتے دوران گر کر ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب ہلاک ہونے والے نوجوان یونگ ننگ کی محبوبہ نے بھی ویبو پر اپنے سوشل اکاؤنٹ پر 8 نومبر کو یاد کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے دوست کرتب دکھانے کے دوران گر کر ہلاک ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: کرتب دکھانے کے چکر میں نوجوان ہلاک

خیال رہے کہ گزشتہ چند سال میں چین میں نوجوانوں کی جانب سے کرتب بازی دکھانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

نوجوان خطرناک اسٹنٹ کرنے کی ویڈیوز اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کرتے ہیں، ان نوجوانوں کے فالوؤرز کی تعداد لاکھوں میں ہوتی ہے، اور ان کی ویڈیوز کو گھنٹوں کے دوران لاکھوں بار دیکھا جاتا ہے۔

میپی نامی سوشل ویب سائٹ پر بھی کرتب باز اپنے خطرناک اسٹنٹ کی ویڈیوز کو شیئر کرکے پیسے بٹورتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں