ڈزنی نے 21st سنچری فاکس کے فلم اور ٹی وی اسٹوڈیوز کو تاریخ ساز معاہدے کے تحت 52 ارب ڈالرز (57 کھرب پاکستانی روپے سے زائد)سے زائد میں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ اتنی زیادہ رقم ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پاکستان کا کل بجٹ 2017-18، 47 کھرب 50 ارب کا تھا۔

اس معاہدے کے تحت ڈزنی کو 20th سنچری فاکس فلم اسٹوڈیو، فاکس ٹیلی ویژن، اس کمپنی کے زیرملکیت کیبل نیٹ ورکس (بشمول ایف ایکس اور نیشنل جیوگرافک) اور بین الاقوامی نیٹ ورکس میں کمپنی کے شیئرز جیسے اسٹار ٹی وی اور اسکائی وغیرہ کی ملکیت ملے گی۔

فاکس نیٹ ورک کی جانب سے اپنے ان ذیلی اداروں کو فروخت کرنے کا فیصلہ فاکس براڈ کاسٹ نیٹ ورک، فاکس اسپورٹس، نیوز اور بزنس برانڈز پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کے لیے کیا گیا۔

ڈزنی کی جانب سے فاکس کے ان اداروں کو خریدنے کی افواہیں گزشتہ ماہ کے شروع میں پھیلنا شروع ہوئی تھیں مگر اس وقت کہا گیا تھا کہ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں۔

تاہم بعد ازاں دسمبر کے شروع میں بات چیت دوبارہ شروع ہوئی اور اب دونوں کمپنیوں کے درمیان تاریخ ساز معاہدہ ہوگیا ہے۔

تاہم فلمی پرستاروں کے لیے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ڈزنی کو ایکس مین اور فنٹاسٹک فور کے کرداروں کے حقوق بھی حاصل ہوگئے ہیں جو کہ مارول اسٹوڈیوز کے کردار ہیں مگر اب تک ڈزنی کی پہنچ سے دور تھے۔

ڈزنی کے مطابق اب ان نئے کرداروں کی مدد سے ایوینجرز یونیورس کو زیادہ بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

ڈزنی کو اواتار سیریز کے رائٹس بھی اس ڈیل کی مدد سے حاصل ہوجائیں گے جبکہ ایلینز فلم سیریز، آئس کیج، پلانیٹ آف دی ایپس، دی سمپسنز اور ایسے ہی متعدد مشہور فلمیں یا ٹی وی پروگرامز اب ڈزنی کے حصے میں آگئے ہیں۔

ڈزنی اس سے قبل پکسار، مارول اور لوکاس فلم وغیرہ کو خرید چکی ہے مگر یہ اس کی تاریخ کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں