اسمبلی کی مدت پر ایازصادق نے جو محسوس کیا وہی بیان دیا: آغا سراج درانی

شائع December 16, 2017

سکھر: اسپیکر سندھ اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے اس وقت قومی اسمبلی کے بارے جو کچھ محسوس کیا ویسا ہی بیان دیا۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ‘وہ ملک کیسے چل سکتا ہے جس کا وزیراعظم خود کو وزیراعظم نہ سمجھے’۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی جو محسوس کر رہے ہیں انہوں نے وہی چیز بیان کی۔

آغا سراج درانی نے سکھر میں ڈریھا میں پٹھان برداری کے افراد سے خطاب کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جہانگیر ترین کی قربانی دینی تھی جو انہوں نے دے دی۔

مزید پڑھیں: سندھ نیشنل فرنٹ کو تحریک انصاف میں ضم کرنے کا اعلان

انہوں نے کہا ’عمران خان تو کیا کوئی بھی جہموریت کے لیے ساتھ چلنے کو تیار ہو جائے تو ہم جہموریت کے لیے اس کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں مگر اس کے لیے گالم گلوچ اور من مانیاں نہیں چلیں گی۔‘

انہوں کہا کہ ‘عمران خان کے نظریات سیاستدانوں سمیت عوام کی سمجھ سے بالاتر ہیں جسے سمجھانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک ترجمان رکھے’۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے جمہوریت کے لیے لاتعداد قربانیاں دیں اور جیلیں کاٹیں جس کا میں چشم دید گواہ ہوں اور عمران خان نے اب تک کوئی جیل نہیں دیکھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) اور پی ٹی آئی کے اتحاد سے پیپلزپارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، سندھ کے عوام ان کو ووٹ نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈر ہےموجودہ اسمبلی اپنی مدت پوری نہیں کر پائے گی، سردار ایاز صادق

آغاسراج نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں پی ٹی آئی کا جلسہ فلاپ ثابت ہوا جہاں وہ صحیح طور پر ناچ گانا بھی نہیں کر سکے تھے۔

انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ آج سانحہ آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) کے شہداء کی برسی کا علم نہیں تھا ورنہ خیرپور میں جلسہ نہ رکھتے۔

واضح رہے کہ 13 دسمبر کو قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ڈر ہے کہ موجودہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری نہیں کر سکیں گی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف میرے دل میں ابھی تک وزیراعظم ہیں: ایاز صادق

بعدازاں اسپیکر ایاز صادق نے نجی ٹی وی کو انٹرویومیں کہا تھا کہ ‘جو کچھ ہو رہاہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، یہاں ہر شخص (قانون ساز) قومی مفاد کے بجائے ذاتی مفادات کو ترجیح دے رہا ہے’۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا تھا کہ ‘موجودہ حالات پرویز مشرف کے دور سے زیادہ بدترین ہیں لیکن ملک میں مارشل لاء کا کوئی امکان نہیں’۔

کارٹون

کارٹون : 25 جون 2025
کارٹون : 25 جون 2025