ایپل کا پرانے آئی فون سست کرنے کا اعتراف

21 دسمبر 2017
آئی فون سکس ایس — اے ایف پی فائل فوٹو
آئی فون سکس ایس — اے ایف پی فائل فوٹو

پاکستان میں اکثر لوگ پرانے آئی فون استعمال کرتے ہیں کیونکہ نیا ماڈل بہت مہنگا ہوتا ہے، مگر کیا آپ کو ایپل کی ان ڈیوائسز کے سست ہونے کے مسئلے کا سامنا تو نہیں؟

اگر ہاں تو یہ وہم نہیں بلکہ ایپل نے خود تسلیم کیا ہے کہ اس نے پرانے آئی فونز کو سست کیا ہے۔

ایپل نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ اس نے گزشتہ سال ایک سافٹ وئیر فیچر متعارف کرایا تھا جو کہ پرانے آئی فونز کو سست کردیتا ہے، جس کی وجہ لیتھم اون بیٹری کی عمر بڑھنے سے ڈیوائس کو پیش آنے والے مسائل سے بچانا ہے۔

مزید پڑھیں : آئی فون 6 ایس کی بیٹریوں میں نقص کی نشاندہی

ایپل کے مطابق پرانی بیٹریاں نئی کی طرح چارج ہولڈ نہیں کرپاتیں جس کے نتیجے میں فون کی کارکردگی سرد موسم میں بدتر ہوجاتی ہے۔

ان پرانی بیٹریوں کے نتیجے میں فون کو چلانے میں مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے یا وہ غیرمتوقع طور پر شٹ ڈاﺅن ہوسکتا ہے، جیسا گزشتہ سال آئی فون سکس اور سکس ایس کے ساتھ ہوا۔

ان پرانی ڈیوائسز کے پراسیسر تیز رفتار چاہتے ہیں مگر بیٹریاں طلب پوری نہیں کراپتیں جس کے نتیجے میں متعدد فون خودبخود سوئچ آف ہوجاتے ہیں۔

اس مسئلے پر قابو پانے کے لیے ایپل نے گزشتہ سال آئی او ایس 10.2.1 اپ ڈیٹ میں پاور منیجمنٹ صلاحیت کو بہتر کیا تھا، جو کہ ڈیوائس کو بند ہونے سے بچانے کے لیے اس کی رفتار سست کردیتا ہے۔

ایسا سرد موسم، لو بیٹری یا بہت پرانی بیٹری والے فونز کے ساتھ ہی ہوتا ہے۔

آئی فون استعمال کرنے والے صارفین طویل عرصے سے شکایت کررہے ہیں کہ ان کی ڈیوائسز اس وقت سست محسوس ہونے لگتی ہیں جب نئے ماڈلز کو ریلیز کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آئی فون 6 پلس کا بڑا نقص پکڑا گیا

بیشتر کا تو ماننا ہے کہ ایپل جان بوجھ کر ڈیوائس کی کارکردگی متاثر کرتی ہے تاکہ صارفین نئے ماڈلز خریدیں، تاہم ایپل نے ان الزامات کی ہمیشہ تردید کی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں