سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں مسترد کردیں، جس کے بعد نجی اشتہاری کمپنی کے مالک انعام اکبر اور سندھ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر یوسف کبوڑو کو نیب نے عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا۔

عدالت میں سماعت کے دوران جسٹس آصف سعید کھوسہ نے درخواست گزار کے وکیل لطیف کھوسہ سے کہا کہ یہ اپیل ضمانت قبل از گرفتاری کی ہے جبکہ شرجیل میمن اب گرفتار ہوچکے ہیں، لہٰذا اب آپ درخواست ضمانت بعد از گرفتاری ذیلی عدالت میں دائر کریں۔

شرجیل میمن کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ معاملہ قبل از یا بعد از گرفتاری کا نہیں بلکہ ضمانت کا ہے۔

مزید پڑھیں: شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری

لطیف کھوسہ نے کہا کہ اسلام آباد کے ملزم بڑے الزام میں آزاد گھوم رہے ہیں اور بیرون ملک دورے کر رہے ہیں جبکہ سندھ میں نیب چھوٹے الزامات میں وارنٹ گرفتاری جاری کر رہا ہے، دو صوبوں میں الگ الگ قانون نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کسی صوبے میں کوئی گرفتاری نہیں ہوئی، نواز شریف، اسحٰق ڈار کی طرح میرے موکل کو بھی ریلیف دیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سماعت کے دوران جسٹس دوست محمد نے ریمارکس دیئے کہ آپ جذباتی ہورہے ہیں، پشاور کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال جاکر دیکھیں وہ بھرا پڑا ہے، شرجیل انعام میمن کو ریلیف ملا تو اچھی بات ہے۔

سماعت کے دوران یوسف کبوڑو کے وکیل نے کہا کہ میرے موکل پر اشتہاری مہم کے بلوں پر دستخط کرنے کا الزام ہے، میرے موکل نے وزیر کے احکامات پر عمل کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے جبکہ کیپٹن صفدر کو بھی ضمانت دی گئی۔

جس کے بعد عدالت عظمیٰ نے تمام درخواستیں مسترد کردیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 06 دسمبر 2017 کو سپریم کورٹ نے شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت کی سماعت میں نیب کو نوٹس جاری کیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 23 اکتوبر کو سندھ ہائی کورٹ نے صوبائی محکمہ اطلاعات میں 5 ارب 76 کروڑ روپے کی مبینہ بدعنوانی کے معاملے پر شرجیل انعام میمن سمیت 13 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی جس کے بعد نیب کی ٹیم نے انہیں عدالت سے باہر آتے ہی گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی: شرجیل انعام میمن

بعد ازاں شرجیل میمن نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں